پاک جاپان تجارت بڑھانے کیلیے نجی شعبہ آگے آئے فرخ عامل

پھل سبزیوں کے ایکسپورٹرز کو تربیت دی جائے، نامزد سفیر برائے جاپان کی اسلام آباد چیمبر آمد


APP November 02, 2012
ٹیکنالوجی منتقلی وسرمایہ کاری بڑھا کر پاک جاپان تعلقات مستحکم ہو سکتے ہیں، ظفربختاوری فوٹو: فائل

جاپان کیلیے پاکستان کے نامزد سفیر فرخ عامل نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے نجی شعبوں کو چاہیے کہ وہ باہمی تجارت کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ اس وقت پاکستان اور جاپان کے مابین تجارت موجود صلاحیتوں کے مطابق نہیں لہٰذا دونوں ممالک کے نجی شعبے موجود تجارتی مواقع سے استفادہ کرکے باہمی تجارت کو فروغ دیں۔

جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اسے زرعی سیکٹر میں جدید طرز کو اپنا کر پوری طرح استفادہ کرنی کی ضرورت ہے جس سے زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔ فرخ عامل نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی پھل اور سبزیوں کی طلب موجود ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ ہول سیلرز کی تربیت کے لیے باقاعدگی سے پروگرام کا انعقاد کریں اور ان کو عالمی معیار کے مطابق پھل اور سبزیوں کی پیکنگ اور مارکیٹنگ سے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ ہماری زرعی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی مل سکے۔

استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر کے صدر ظفر بختاوری نے فرخ عامل کو جاپان میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارک باد دی اور کہا کہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور جاپان کے مابین تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔صدر آئی سی سی آئی نے بیرونی ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ویزے کے اجرا کے لیے دوستانہ ویزہ پالیسی اپنائیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو پاکستان کا دورہ کرنے میں آسانی ہو اور وہ اپنی پسند کے سیکٹرز میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مابین براہ راست فلائٹس شروع کی جانی چاہئیں، دونوں ممالک توانائی، کان کنی، زراعت ، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کر کے استفادہ کر سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں