گاؤں میں کوئی مرجائے تو اس کی ذمہ دار صوبائی حکومت نہیں مشیر اطلاعات سندھ

تھر کے لوگوں کی زندگی بہت سخت ہے مگر اب وہاں حالات بہتر ہورہے ہیں، مشیر اطلاعات سندھ

ایسا لگتاہے کہ ملک کاسب سے بڑا مسئلہ ڈاکٹرعاصم اور ایان علی ہے، مشیر اطلاعات سندھ فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو کہتے ہیں کہ کسی گاؤں میں کوئی مرجائے تو اس کی ذمہ دار صوبائی حکومت نہیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ تھر کے لوگوں کی زندگی بہت سخت ہے مگر اب وہاں حالات بہتر ہورہے ہیں، میڈیا اموات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، اگر کوئی بچہ اسپتال میں فوت ہوتا ہے تو یہ حکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے لیکن اگر کسی گاوٴں میں کوئی بچہ مرتا ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں۔


مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وزیر اعظم نواز شریف کی بات نہیں مانتے، ہمیشہ اپنی بات پر ڈٹ جاتے ہیں ، کچھ لوگ ہوتے ہیں جو مفاہمت جانتے ہیں ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار معاملات کو سمجھتے ہیں اور انہیں لوگوں کو منانے کافن بھی آتاہے، وہ دو قدم پیچھے ہٹ کر بھی جلد منالیتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے یا تو وزیر اعظم چوہدری نثار سے ڈرتے ہیں یا پھر ان سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن کو پیپلز پارٹی کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، اس وقت صوبے میں بننے والے اتحاد اور سیاسی ملاقاتیں صرف اس لئے ہو رہی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو کیسے ختم کیا جائے، ایسا لگتاہے کہ ملک کاسب سے بڑا مسئلہ ڈاکٹرعاصم اور ایان علی ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاک چین اقتصادی شاہراہ کے حوالے سے تمام صوبوں کو تحفظات ہیں، وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کے منصوبوں کو اہمیت نہیں دیتی ، سندھ میں تھرکول منصوبہ بھی رکا ہوا ہے، اگر اسے اہمیت دی جاتی تو آج لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوتا۔
Load Next Story