ایم کیو ایم اقلیتوں کو مساوی حقوق دلائے گیفاروق ستار

بھارت سے کرکٹ تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے،کھیل قوموں کوقریب لاسکتے ہیں

بھارت سے کرکٹ تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے،کھیل قوموں کوقریب لاسکتے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

سمندر پار پاکستانیوں کے وفاقی وزیر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے کیلیے جدوجہد کر رہی ہے، اقلیتوں کو مساوی حقوق دلائیں گے جبکہ آل پاکستان کرسچن لیگ اور پاکستانی مینارٹی موومنٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے لیے ''اقلیتوں کا سفیر'' کے ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو آل پاکستان کرسچن لیگ کے چیئرمین پروفیسر سلامت اختر اور پاکستان منیارٹی موومنٹ کےچیئرمین سلیم گیبرئیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ یکسانیت اور برابری کی بات کی ہے وہ اقلیتوں کو برابری کی سطح پر لانا چاہتے ہیں۔ آرٹیکل 25تمام پاکستانی شہریوں کے یکساں حقوق کی بات کرتا ہے اور ہماری بھی یہی جدوجہد ہے کہ اقلیتوں سمیت سب کو یکساں حقوق ملیں۔


فاروق ستار نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ بحالی خوش آئند ہے، کھیلوں کے ذریعے قوموں کو قریب لایا جا سکتا ہے۔اسپورٹس ڈپلومیسی اختلافات کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے کرکٹ بحالی سے خطے میں امن کی فضا کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر سلامت اختر نے کہا کہ الطاف حسین کی اقلیتوں کیلیے کی گئی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر 11اگست کو الطاف حسین کو اقلیتوں کے سفیر کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

اس موقع پرسلیم گیبرئیل نے کہاکہ ایوارڈدینے کی تقریب لاہور میں منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے مسیحی برادری شرکت کرے گی۔
Load Next Story