بیٹنگ کوچ کا عہدہ سابق قومی کرکٹر کو ملنے کا امکان

مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کی صورت میں خصوصی رعایت بھی دی جاسکتی ہے، ذرائع


Sports Desk November 02, 2012
بیرون ملک سے بھی درخواستیں موصول ہوئیں، دورئہ بھارت سے قبل تقرر کردیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

بیٹنگ کوچ کا عہدہ سابق قومی کرکٹر کو ملنے کا امکان ہے۔

مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کی صورت میں خصوصی رعایت بھی دی جاسکتی ہے، بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ غیرممالک سے بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، دورئہ بھارت سے قبل تقرر کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر انتخاب عالم کی زیرسربراہی قائم کمیٹی نے گذشتہ ماہ بیٹنگ کوچ کیلیے اشتہار جاری کیا تھا جس کے جواب میں کئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، نمائندہ ''ایکسپریس'' فواد حسین کے مطابق اس عمل سے وابستہ ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ کمیٹی بیٹنگ کوچ کیلیے مقامی امیدوار کو ہی ترجیح دے گی،کوچ ہنٹنگ کمیٹی کے دیگر ممبران میں سابق کپتان ظہیر عباس اور سابق ٹیم منیجر کرنل نوشاد بھی شامل ہیں، چونکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 نومبر ہے اس لیے کمیٹی کے جلد اجلاس کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

بیٹنگ کوچ کا تقرر دورئہ بھارت سے قبل کردیا جائے گا، امیدواروںکیلیے مطلوبہ معیار میں لیول 3 کوچنگ کورس اور الیٹ کرکٹرز کے ساتھ اس ذمہ داری کا پانچ سالہ تجربہ ضروری قرار دیا گیا تاہم آفیشل کا کہنا ہے کہ اگر موزوں امیدوار درکار معیار پر پورا نہ بھی اترا تو اسے خصوصی رعایت دی جاسکتی ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ کمیٹی اس جاب کیلیے سابق پاکستانی کرکٹر کو ہی ترجیح دے گی، ابھی تک امیدواروں کا جائزہ نہیں لیا گیا، مقامی امیدوار کے لیے سابق کرکٹر کے طور پر بیٹنگ میں بہتر ساکھ کا حامل ہونا ضروری ہوگا جبکہ اسے کوچنگ کا کچھ تجربہ بھی ہونا چاہیے ، بیرون ملک سے بھی درخواستیں موصول ہوئیں جن کا جائزہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق کپتان سلیم ملک بھی اس ذمہ داری کیلیے درخواست دے چکے ہیں مگر ان کی تقرری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |