برٹش آرمی کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریگی

مہمان ٹیم کا میزبان افواج کے ساتھ ایک ون ڈے اور پی سی بی الیون سے ٹی 20 میچ ہوگا۔


Sports Reporter November 02, 2012
مہمان ٹیم کا میزبان افواج کے ساتھ ایک ون ڈے اور پی سی بی الیون سے ٹی 20 میچ ہوگا۔ فوٹو: فائل

برٹش آرمی کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریگی، مہمان ٹیم میزبان افواج کیساتھ ایک ون ڈے اور پی سی بی الیون سے ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کی مشاورت سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، برطانوی ہائی کمیشن بھی اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے رہا ہے۔ پاکستان کی وزارت داخلہ کے ایک افسر کے مطابق برٹش آرمی ٹیم کا دورہ طے ہے لیکن فی الحال مزید تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتیں۔ پی سی بی آفیشل نے بھی تصدیق کی کہ برطانوی کھلاڑیوں کی آمد ہو گی اور بورڈ الیون سے ٹوئنٹی 20 میچ بھی کھیلا جائے تاہم اس سے زیادہ کچھ نہیں جانتے، سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے شیڈول اور میچز کے حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے،انھوں نے بتایا کہ برطانوی ٹیم کی میزبان پاکستان آرمی ہے۔

ہم اس ایونٹ کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ مہمان آرمی ٹیم کا دورہ مکمل ہونے کے بعد برطانوی ہائی کمشنر نامور شخصیات پر مشتمل سائیڈ کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دینا چاہتے ہیں، راہیں کھلیں تو پھر انگلش کرکٹ ٹیم بھی آئیگی۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ آرمی سے سیکیورٹی کلیئرنس مل جائے تو ایونٹ کی کوریج کیلیے میڈیا کو پاس جاری کر دینگے۔ یاد رہے کہ 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے اب تک بین الاقوامی مقابلوں کا سلسلہ تعطل کا شکار ہے۔ کراچی میں ورلڈ الیون کی آمد تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |