یوراج نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا امکان روشن کرلیا

انگلینڈ کیخلاف ڈرا سہ روزہ میچ میں 5 وکٹیں، مہمان ٹیم 426 پر آئوٹ، پٹیل کی سنچری


Sports Desk November 02, 2012
انگلینڈ کیخلاف ڈرا سہ روزہ میچ میں 5 وکٹیں، مہمان ٹیم 426 پر آئوٹ، پٹیل کی سنچری فوٹو : اے ایف پی

بھارت اے اور انگلینڈ کے درمیان ٹورمیچ حسب توقع ڈرا ہوگیا، بھارتی آل رائونڈر یوراج سنگھ نے پانچ وکٹیں لے کر ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا امکان روشن کرلیا۔

انگلش ٹیم آخری روز426 رنز پر آئوٹ ہوئی، سمت پٹیل نے بھی سنچری مکمل کی، الیسٹرکک 119 پر آئوٹ ہوئے، میٹ پرائر نے ففٹی بنائی، بھارت اے نے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 124 رنز اسکور کیے، اجنکیا راہنے نے54 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق یوارج سنگھ کینسر کے مرض سے صحتیابی کے بعد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل و فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا شروع کرچکے اور اب ٹیسٹ ہیں واپسی کیلیے پرتول رہے ہیں، انھوں نے 94 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو چلتا کیا،اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ پرفارمنس 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں تھیں،مہمان سائیڈ 426 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور بھارت کو پہلی اننگزمیں57 رنز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

بدھ کو کیون پیٹرسن اور ای ین بیل کو آئوٹ کرنیوالے یوراج نے جمعرات کو ابتدائی سیشن میں سمت پٹیل کو 104، میٹ پرائر کو 51 اور جیمز اینڈرسن کو 19 رنز پر آئوٹ کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے آخری روز کا آغاز286 رنز 4 وکٹ سے کیا، کپتان الیسٹرکک اپنے گذشتہ اسکور112 میں 7 رنز کا اضافہ کرکے اشوک ڈینڈا کی گیند پروکٹ کیپر ساہا کا کیچ بن گئے،گذشتہ روز ڈینڈا نے اسی انداز میں دوسرے اوپنر کومپٹن کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر ٹھکانے لگایا تھا۔جواب میں بھارت اے نے 4 وکٹ پر124 رنز بنائے تھے کہ میچ کو ڈرا قرار دیدیا گیا، ابھنائو مکنڈ کو 3 رنز پر اینڈرسن نے بیل کا کیچ بنایا، مرلی وجے بھی 32 رنز بناکر اینڈرسن کی دوسری وکٹ بن گئے اس بار کیچ سوان نے تھاما،یوراج 14 رنز پر بریسنن کی گیند پر بیل کے ہاتھوں کیچ ہوئے، اجنکیا راہنے نے پٹیل کی وکٹ بننے سے قبل 54 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں