قائداعظم کا پاکستان یا طالبان کا رابطہ کمیٹی عوامی رائے کیلئے ریفرنڈم کرائے الطاف حسین

اس سے پہلے کہ ملک کسی حادثے کاشکارہوکراچی سے خیبر اورآزادکشمیرسے گلگت تک ریفرنڈم کی تاریخ کا اعلان کیاجائے


Express Desk November 02, 2012
ریفرنڈم کے بعد ووٹوں کی گنتی سابق ججوں یاسینئروکلایا معززین شہرکی نگرانی میں کراکے نتائج سے قوم کوآگاہ کیاجائے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کوہدایت کی ہے کہ وہ عوامی ریفرنڈم کے انعقادکی تاریخ کااعلان جلدازجلد کریں۔

آج رابطہ کمیٹی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ اب جبکہ عیدالاضحیٰ کاتہوارختم ہوچکاہے اورقربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں تین دنوں تک سخت محنت ومشقت سے ہونے والی تھکن کے باعث جو کام رک گئے تھے ان میں سے بھی بیشتر پورے ہوچکے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک میں سیاسی سطح پراوربین الاقوامی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونماہورہی ہیں۔

لہٰذا میں رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کوسختی سے ہدایت کرتاہوں کہ اس سے پہلے کہ ملک کسی قدرتی یازمینی حادثے یاکسی مسئلے کاشکارہو پہلی فرصت میں کراچی سے خیبر اور خیبرسے بلوچستان تک اورآزادکشمیرسے گلگت بلتستان تک عوامی ریفرنڈم کے انعقاد کرنے کیلیے تاریخ کا اعلان کیاجائے اورعوام سے رائے لی جائے کہ وہ کس قسم کاپاکستان چاہتے ہیں،آیاوہ قائداعظم کاپاکستان چاہتے ہیں یاطالبان کا پاکستان چاہتے ہیں، الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ یہ ریفرنڈم پورے ملک میں ایک ہی دن کرایاجائے۔

ریفرنڈم کے انعقادکے سلسلے میں ہرصوبے میں ایک ٹیم بنائی جائے جونہ صرف ریفرنڈم کاانعقادکرے بلکہ ریفرنڈم کے بعد ووٹوں کی گنتی سابق ججوں یاسینئروکلایا معززین شہرکی نگرانی میں کرائے اور تمام نتائج کوجمع کرکے نتائج سے قوم کوآگاہ کیاجائے ۔ انھوںنے رابطہ کمیٹی کومزیدہدایت کی کہ ریفرنڈم کے سلسلے میں تمام صوبوں اورشہروں کے ذمے داران ریفرنڈم کے جائزے اورکوریج کیلیے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا کے نمائندوں کوبھی مدعوکریں ۔

ریفرنڈم کاوقت صبح9بجے سے شام پانچ بجے تک رکھاجائے اور ہر شہرمیں ریفرنڈم کے موقع پر پولنگ کیمپوں پر انتظامات میں حصہ لینے والے کارکنوں کے کھانے اورچائے کا انتظام کیاجائے،الطاف حسین نے عوام سے پرزوراپیل کی کہ ملک اس وقت نازک دورسے گزررہاہے لہٰذا آپ بغیرکسی دباؤ ، خوف اور کسی بھی قسم کے فیور کے ریفرنڈم میں حصہ لیں اوراپناقومی فریضہ اداکریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں