دیگرلیگزکے مقابلے میں پی ایس ایل بہت پیچھے رہ گئی

آئی پی ایل ٹی وی رائٹس1.75بلین ڈالرمیں فروخت،لیگ کو20ملین حاصل ہوں گے


AFP January 20, 2016
بھارتی ایونٹ میں فرنچائززکی مالیت7گنا زیادہ،معاوضوں میں بھی زمین آسمان کا فرق فوٹو: فائل

دنیا کی دیگر لیگز کے مقابلے میں پی ایس ایل خاصے پیچھے رہ گئی، آئی پی ایل نے10سال کیلیے ٹی وی رائٹس1.75بلین ڈالر میں فروخت کیے جب کہ پی ایس ایل کو 3برس میں ٹائٹل اسپانسر سمیت صرف 20ملین حاصل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی بھارت سے سیریز نہ ہونے کی وجہ سے کم وسائل کے باوجود پی ایس ایل کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلیے تیار ہے، اسے پُرکشش ایونٹ بناتے ہوئے آئندہ بڑے ناموں کی توجہ حاصل کرنے اور ایک کامیاب پروڈکٹ بناکر ملک میں لانے کی امیدیں بھی وابستہ کرلی گئی ہیں۔

ٹورنامنٹ کو بھارتی لیگ جیساکماؤ ایونٹ بنانے کا دعوٰی بھی کیا گیا تھا، دوسری جانب حقائق پر نظر ڈالی جائے تو زیادہ خوشگوار تاثر نہیں اُبھرتا، آئی پی ایل نے 10سال کیلیے ٹی وی رائٹس 1.75بلین ڈالر میں فروخت کیے، پی ایس ایل کو 3سال میں ٹائٹل اسپانسر سمیت20ملین ڈالر حاصل ہونگے۔

بھارتی لیگ میں 8فرنچائزز کی فروخت 700ملین ڈالر میں ہوئی تھی، پی ایس ایل کی پانچوں ٹیمیں صرف 93ملین ڈالر میں بیچی گئیں،آئی پی ایل 2011 میں فرنچائزز نے کھلاڑیوں پر 52.8ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، پاکستانی لیگ میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں سے ہر ایک نے صرف 1.1ملین ڈالر خرچ کیے، یوں مجموعی لاگت 5.5ملین ڈالر ہوئی،آئی پی ایل 2014میں یوراج سنگھ 24اور گوتم گھمبیر 23لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئے تھے۔

پی ایس ایل کے مہنگے ترین آئیکون پلیئرز کرس گیل، کیون پیٹرسن،شین واٹسن، شاہد آفریدی اور شعیب ملک کو فی کس 2لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اتنی کم سرمایہ کاری میں پاکستانی لیگ کا دیار غیر میں انعقاد کرکے اسے بڑے کھلاڑیوں کیلیے پُرکشش بنانا اور ہرسال انعقاد مشکل کام نظر آتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں