سری لنکن پلیئرزگرائونڈ کے بجائے پولیس اسٹیشن جانے لگے

فکسنگ کیس میں خصوصی یونٹ کی کپتان انجیلو میتھیوز سے پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ

بکیز کی جانب سے2 پلیئرز کو رشوت دینے کی کوشش کے بارے میں سوالات کیے گئے فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری لنکن پلیئرزگرائونڈکے بجائے پولیس اسٹیشن جانے لگے، فکسنگ کیس میں خصوصی یونٹ کی جانب سے کپتان انجیلو میتھیوز سے بھی 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے2 کرکٹرز کوشل پریرا اور رنگانا ہیراتھ نے گذشتہ برس آفیشلز کو مطلع کیا تھا کہ انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف گال ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی پیش کرنے کے عوض 70 ہزارڈالر کی پیشکش ہوئی تھی۔اس معاملے میں بورڈ کے ساتھ پولیس کی جانب سے بھی تحقیقات جاری ہیں، گذشتہ روز فنانشل کرائمز انویسٹی گیشن ڈویژن میں سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز پیش ہوئے، جہاں پر ان سے تقریباً 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔


ان سے دونوں کرکٹرز کو ہونے والی رشوت کی پیشکش اور اس سے متعلقہ دیگر باتوں کے بارے میں سوالات کیے گئے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں میتھیوز نے کہا کہ میں نے اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کرادیا ہے، تحقیقات کرکٹرز سے متعلق نہیں بلکہ انھیں ہونے والی رشوت کی پیشکش کے بارے میں ہورہی ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا کی جانب سے باقاعدہ شکایت درج کرائے جانے کے بعد پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

گذشتہ روز بورڈ نے بھی اسی کیس میں بولنگ کوچ انوشا سمارانائیکے کو 2 ماہ کیلیے معطل کردیا تھا۔ ان کے ساتھ نیٹ بولر کے طور پر پارٹ ٹائم ذمہ داری ادا کرنے والے گیان وشواجیتھ کو بھی فارغ کیا گیا۔ ماضی میں بھی سری لنکاکی ناقص اور شرمناک ناکامیوں کے بعد میچ یا اسپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد ہوتے رہے، مگر کوئی بھی بڑاکرکٹر کبھی ان معاملات میں ملوث نہیں نکلا۔
Load Next Story