نارتھ ناظم آباد اور شیریں جناح کالونی میں 5مبینہ ڈاکو مارے گئے

رمیڈیل کے قریب ڈاکوئوں کومارنے کا دعویٰ غلط نکلا، مرنیوالے قصاب تھے، پیسے لینے آئے تھے


Staff Reporter November 02, 2012
شیریں جناح کالونی میں دکانوں اور خواتین کو لوٹنے والے ڈاکو پولیس کے ہاتھوں مارے گئے۔ فوٹو: فائل

نارتھ ناظم آباد میں شہریوں نے2 ڈاکوجبکہ شیریں جناح کالونی میں پولیس نے3 ڈاکوؤں کو جوابی فائرنگ میں ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکل ، لیپ ٹاپ ، لیڈیز پرس اور دیگر سامان پولیس نے قبضے میں لے لیا ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں ڈاکو پولیس اور شہریوں کی مشترکہ فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک آئی رمیڈیل اسپتال کے قریب لوٹ مار کے دوران شہریوں کی فائرنگ سے2 مبینہ ڈاکو ہلاک زخمی ہو گئے جبکہ2 موٹر سائیکل سوار ملزمان فرار ہو گئے ، زخمی ہونے والے مبینہ ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

شارع نور جہاں پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک اسٹار موٹر سائیکل نمبرKBX-1756 اور2 پستولیں ملیں ہیں جو پولیس نے قبضے میں لے لیں ، ہلاک ہونے والے مبینہ ملزمان کے پاس سے کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت کی جا سکے ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 ملزمان نارتھ ناظم آباد بلاک آئی متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس کے سامنے گلی میں مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے اطلاع ملنے پر پولیس موبائل وہاں پہنچ گئی جبکہ شہری بھی جمع ہو گئے ، ملزمان نے پولیس اور شہریوں پر فائرنگ کر دی جواب میں پولیس اور شہریوں نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی جبکہ بوٹ بیسن تھانے کی حدود شیریں جناح کالونی بلاک ون خدیجہٰ ٹاؤن شاہ جی چوک کے قریب مارکیٹ میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے 3 ڈاکو زخمی ہو گئے۔

جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار3 ڈاکو اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے پولیس موبائل چھلنی ہو گئی ، زخمی ہونے والے ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ، تینوں ڈاکوؤں کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائی گئیں ، ہلاک ہونے والے ملزمان کی عمریں25 سے35 سال کے درمیان ہیں ، پولیس کے مطابق واردات کے وقت2 موٹر سائیکل سوار6 ملزمان دکانوں اور وہاں موجود خواتین سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل تباہ ہو گئی اہلکاروں نے موبائل کی آر لیتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہونے والے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے3 ٹی ٹی پستول ، 2 لیپ ٹاپ ، 3لیڈیز پرس ، 7 موبائل فون اور 2 موٹر سائیکلیں ملیں جو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیں۔دریں اثناء رات گئے شارع نور جہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں شہریوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے مبینہ ڈاکوؤں کی شناخت عدنان ولد مقیم اور نعیم الدین ولد غلام الدین کے نام سے کر لی گئیں ، ہلاک ہونے والے دونوں نیو کراچی کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے قصاب تھے وہ اپنے پیسے لینے کے لیے آئے تھے جہاں انہیں قتل کردیاگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں