کراچی میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک 5کی تشدد زدہ لاشیں ملیں

ایم اے جناح روڈ پر قمر حسین کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، لانڈھی فیوچر کالونی میں بھائی کے ہاتھوں بھائی کا قتل


Staff Reporter November 02, 2012
رامسوامی، تبت سینٹر کے عقب، پاک کالونی لیاری ندی، آرام باغ اور کورنگی سے لاشیں ملیں،2 افراد زخمی۔ فوٹو: فائل

شہرمیں جمعرات کے روز بھی فائرنگ اور پر تشدد واقعات کا سلسلہ جاری رہا ، فائرنگ کے واقعات2افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ 3 افراد کی لاشیں ملی جنہیں اغواکے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عید گاہ تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ این جے وی اسکول افغان پلازہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے32 سالہ قمر حسین ولد معراج حسین کو ہلاک کر دیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق مقتول رنچھور لائن کپڑا مارکیٹ ناصر کلینک والی گلی کا رہائشی تھا اور نجی موبائل فون کمپنی میں آؤٹ منیجر کے عہدے پر فائض تھا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول قمر حسین صبح8 بجے کے قریب ٹاور پر واقع نجی موبائل فون کمپنی کے دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا ، مقتول قمر غیر شادی شدہ اور اپنے بہنوئی کے گھر رہائش پذیر تھا۔

پولیس کا کہنا ہے واقعے کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے ، پولیس نے بہنوئی کاشف نذیر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ لانڈھی فیوچر کالونی میں گھر کے قریب45 سالہ محمد رشید ولد فرید محمدکو فائرنگ کر کے قتل کردیا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی ، بعد ازاں لاش ورثا کے حوالے کردی گئی، شرافی گوٹھ پولیس کے مطابق مقتول محمد رشید مزدوری کا کام کیا کرتا تھا اور اس کے اپنے سگے بھائی اشفاق فرید نے جائیداد کے تنازعے پرسر میں گولی مار کر قتل کیا ہے ، واردات کے بعد ملزم موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے جبکہ گارڈن رامسوامی میں واقع نادرا آفس کے قریب سے تشدد زدہ لاش ملی جسے پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ، نبی بخش پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی سر پر زخم کے نشان موجود ہں جس سے لگتا ہے کہ مقتول کو سر پر کوئی بھاری چیز مار کر قتل کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے مقتول نشے کا عادی لگتا ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر کے عقب میں واقع بابر اسٹریٹ والی گلی سے بوری بند لاش ملی جسے تشدد کے بعد سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے، لاش کو ضابطے کی کاروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

پریڈی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت31 سالہ رشید میر ولد میر افسر کے نام سے کی گئی ہے ، مقتول گارڈن عثمان آباد صدیق اکبر مسجد کے قریب مکان نمبر17گلی نمبر 3 کا رہائشی تھا ، مقتول کو منگل کے روز گارڈن کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا ، رشید کی 2 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی ، پولیس نے مقتول کے بھائی عدیل میرکی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شرو ع کردی ، پاک کالونی کے علاقے میانوالی کالونی لیاری ندی سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں کر پولیس کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، پاک کالونی پولیس کے مطابق ندی سے ملنے والے لاش کی شناخت آصف غوری ولد اسلام الدین کے نام سے کی گئی جو گارڈن عثمان آباد کا رہائشی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی عثمان آباد میں گھر کے قریب پر چون کی دکان ہے اور مقتول28 اکتوبر کو عثمان آباد کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا اور بعدازاں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا اور لاش ندی میں پھینک دی گئی، پولیس کے مطابق شبہ ہے کے مقتول کو لیاری گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کر کے قتل کیا ہے تاہم واقع کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ جیکسن سلطان آباد کے علاقے مولوی تمیز الدین خان روڈ حبیب پبلک اسکول کے قریب فائرنگ سے42 سالہ محمد علی ولد خادم علی زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال لایا گیا ، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

بلوچ کالونی میں دودھ کی دوکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ اظہر عباس ولد مظہر رعباس زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ۔آرام باغ تھانے کی حدود اردو بازار صابری نہاری ہاؤس کے قریب گلی سے 35 سالہ مغوی شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا ، اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر منہ میں کپڑا ٹھونس کر تشدد کے دوران ہاتھ کی کلائیوں اور جسم کے دیگر حصوں کی ہڈیاں توڑ کر گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر سر پر گولیاں مار کر ہلاک کر کے ملزمان لاش چلتی کار سے پھینک کر فرار ہو گئے۔

مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے جبکہ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ناصر جمپ کے قریب سے ایک مغوی نوجوان کی تشدد زدہ گولیاں لگی لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا جہاں مقتول کی شناخت28 سالہ محمد رضا ولد محمد ناصر کے نام سے کی گئی مقتول کورنگی نمبر ڈیڑھY ایریا مکان نمبر325 کا رہائشی تھا مقتول کے سینے میں2 گولیاں ماری گئی تھیں جبکہ بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی نمبر ون گلی نمبر5 بنگلہ نمبر 85 کے باہر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے20 سالہ حمید خان ولد امیر خان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا جبکہ سپر مارکیٹ کے علاقے گلبہار خاموش کالونی مین اسٹاپ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 24 سالہ محمد اسحاق ولد سیال خان زخمی ہو گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں