عمران سیاسی فائدے کیلئے ٹورنٹو واقعہ بڑھا چڑھا کر بیان کر رہے ہیں امریکی سفارتکار

عمران خان کو ٹورنٹو میں طیارے سے نہیںاتاراگیا بلکہ ایک طیارے سے اترنے اور دوسرے میں سوار ہونے کے دوران پوچھ گچھ کی گئی


Staff Reporter November 02, 2012
عمران خان کو ٹورنٹو میں طیارے سے نہیںاتاراگیا بلکہ ایک طیارے سے اترنے اور دوسرے میں سوار ہونے کے دوران پوچھ گچھ کی گئی فوٹو: فائل

امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن رچرڈ ای ہاگلینڈ نے کہاہے کہ اوباما برسراقتدار رہیں یارومنی جیت جائیں،امریکی خارجہ پالیسی میں بڑی تبدیلی نہیں آئیگی ۔

انھوں نے یہاں میڈیاسے گفتگو میں کہاکہ ڈرون حملوں میں کوئی معصوم نہیں مررہا،یہ حملے دہشت گردی پر قابو پانے کیلیے کیے جارہے ہیں۔ڈیورنڈ لائن،لائن آف کنٹرول نہیں بلکہ دو ملکوں کے درمیان عالمی سرحد ہے جس پرشک نہیں ہونا چاہیے۔عمران خان کو ٹورنٹو میں طیارے سے نہیںاتاراگیا بلکہ ایک طیارے سے اترنے اور دوسرے میں سوار ہونے کے دوران پوچھ گچھ کی گئی تاہم وہ سیاسی فائدے کیلیے واقعہ بڑھا چڑھا کر بیان کررہے ہیں ۔ہاگلینڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی لوگ امریکا یا اس کے عوام کیخلاف نہیں بلکہ پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں،جسے ہوا دی جاتی ہے، یہ رائے عامہ تبدیل کرنے میں کچھ وقت لگے گا ۔

قبائلی علاقوں میںترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈزدے رہے ہیں،ہم بعض اوقات سکیورٹی وجوہات پراس کی تشہیر نہیں کرتے۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں250 سکول ،پل اور سڑکیں بنائیں ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 100 ملین ڈالراور گومل زام ڈیم کیلئے 80 ملین ڈالردیے ۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور کی جانب سے امریکی فلمساز کے قتل پرانعام مقرر کرنے کے معاملہ کاجائزہ لیاجارہا ہے اوراس سلسلے میں چند دنوں میں فیصلہ کیاجائے گا۔امریکی سفارتکار نے کہاکہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کیلیے کھلا ہے ،جہاں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے، جو بڑھ کر 600 ملین ڈالر تک جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں