سری لنکا میں فکسنگ پر پابندیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اہم آفیشل ورنا ویرا کو تین برس کیلیے کھیل سے دور کردیا


AFP January 21, 2016
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اہم آفیشل ورنا ویرا کو تین برس کیلیے کھیل سے دور کردیا ۔ فوٹو : فائل

سری لنکا میں فکسنگ پر پابندیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اہم آفیشل جیاانندا ورنا ویرا پر تین برس کیلیے پابندی عائد کردی، وہ پہلے ہی مقامی طور پر دو برس کیلیے کھیل کی سرگرمیوں سے معطل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر جیاانندا ورنا ویرا پر تین برس کی پابندی عائد کردی ہے، وہ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں ادا کرتے رہے جبکہ آخری کردار انھوں نے گال اسٹیڈیم کے کیوریٹر کے طورپر ادا کیا تھا، انھیں گذشتہ برس سری لنکن بورڈ کی جانب سے بھی ڈومیسٹک سطح پر دو برس کیلیے معطل کیا تھا مگر اب ان پر تین سال کی عالمی پابندی عائد ہوگئی ہے۔ آئی سی سی نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ ورناویرا نے کرپشن تحقیقات میں اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ بالکل تعاون نہیں کیا، ایسا دو مواقعوں پر ہوا۔

ایک بار انھیں اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے ایک کیس کی تحقیقات میں انٹرویو کے لیے بلایا گیا تو وہ وقت طے ہونے کے باوجود نہیں آئے، دوسری مرتبہ جب ان سے انہی تحقیقات میں کچھ دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ بھی فراہم نہیں کیں، جس کی وجہ سے ان پر تین برس کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ فکسنگ نے اس وقت سری لنکن کرکٹ کو ہلا کر رکھا ہوا ہے، منگل کو کپتان انجیلو میتھیوز کو بھی پولیس کے خصوصی یونٹ کی جانب سے پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پیر کو بورڈ نے اپنے فاسٹ بولنگ کوچ انوشا سمارانائیکے اور ایک پارٹ ٹائم نیٹ بولر گیان وشوا جیتھ کو بھی معطل کردیا تھا۔ان پر دو ٹیسٹ کرکٹرز کوشل پریرا اور رنگانا ہیراتھ کو گذشتہ برس اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گال ٹیسٹ میں ناقص کھیل کیلیے اکسانے کا الزام ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں کرکٹرز کو یہ آفر ورنا ویرا کی بطور گال کیوریٹر معطلی کے چند روز بعد کی گئی،انھیں میچ ہارنے کیلیے ناقص کھیل پیش کرنے کی خاطر 70 ہزار ڈالر دینے کا بھی کہا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں