حکمرانوں کی لوٹ مار سے جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچے نواز شریف

اقتدارکے بھوکے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، کڑا احتساب اب دور نہیں، حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا


Numainda Express November 02, 2012
لاہور:مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف رائیونڈ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا کڑا احتساب اب دور نہیں اور جو کرپشن کی گئی ہے اس کی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا۔

اگر عوام نے موقع دیا تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع کرینگے جہاں اس میں تعطل آیا تھا۔ رائیونڈ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں نے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جس کی وجہ سے جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے ۔ آمریت کے شب خون کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہمیں سب کو متحد ہونا ہوگا تاکہ آئندہ اس کا راستہ روکا جاسکے ۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا اثاثہ اور سر کے تاج ہیں۔ عام انتخابات قریب ہیں۔ عوامی رابطہ مہم تیز کردیں اور مسلم لیگ (ن) کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ آنے والے انتخابات میں عوام کی امنگوں کے مطابق حکومت بناکر فلاحی مملکت بنائی جائے۔ اگر عوام نے موقع دیا تو کارکنوں کے ساتھ مل کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے اور پاکستان کو صرف ایشیا میں نہیں بلکہ دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے ۔

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا اور جمہوریت کی تذلیل کی۔ ملک کو آئند ہ کس ڈگر پر ڈالنا ہے اور اسکی باگ ڈورکن لوگوں کے ہاتھ میں دینی ہے، اس کا فیصلہ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے کرنا ہے ۔ میں آج پھر یہی کہوں گا کہ عوام سیاسی جماعتوں کا ٹریک ریکارڈ ضرور دیکھیں اور پھر ملک کے مستقبل کے مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ کا استعمال کریں ۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے محدود وسائل کے باوجود عوام کی فلاح وبہبود اور معیار زندگی بلند کرنے کیلیے بے پناہ عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ پنجاب میں کہیں کرپشن کا نام ونشان نہیں اور پوری دنیا اسکی معترف ہے ۔

آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہاکہ اقتدار کے بھوکے موجودہ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں مگر حکمرانوں ہوس ختم نہیں ہورہی۔ حکمرانوں کی عام انتخابات میں تاخیر کی تمام سازشیں ناکام بنادی جائیں گی ۔ آئندہ انتخابات میں پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب دیکھنے والے چوروں ، ڈاکوں کے ہاتھوں کچھ نہیں آئیگا ۔ ہم جانتے ہیں کہ حکمران عام انتخابات میں تاخیر کیلیے سازشیں کررہے ہیں لیکن ہم ان کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ دریں اثنا نوازشریف نے سپریم کورٹ بار کے نومنتخب صدر میاں اسرارالحق کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ امید کرتے ہیں کہ اسرارالحق کی صدارت میں سپریم کورٹ بار ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی کیلیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں