الطاف حسین کو’’را‘‘ اور ’’سی آئی اے‘‘ کی مدد حاصل ہے ملزم خالد شمیم

کیس عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہتاہوں،عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کی میڈیا سے بات


ویب ڈیسک January 21, 2016
خالد شمیم پہلے ہی کیس میں اقبالی بیان ریکارڈ کراچکاہے فوٹو: فائل

ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم خالد شمیم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، محمد انور اور ان کے دیگر ساتھیوں کو را اور سی آئی اے کی مدد حاصل ہے۔

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد شمیم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین ، محمد انور اور ان کے دیگر ساتھیوں کو برطانوی ایجنسی ایم آئی سکس، بھارتی را اور امریکا کی سی آئی اے کی مدد حاصل ہے، وہ ڈاکٹر عمران فاروق کے کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہیں اور کیس کو عالمی عدالت انصاف میں جانا چاہتے ہیں، اس کے لئے انہیں عوام کا تعاون درکار ہے۔

اس سے قبل ملزم خالد شمیم اور سید محسن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثرعباس زیدی کے روبرو پیش کیا، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اس لئے دونوں کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی جائے، عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ خالد شمیم پہلے ہی کیس میں اقبالی بیان ریکارڈ کراچکاہے جس میں اس نے کہا ہے کہ اس نے سید محسن اور معظم علی کے ہمراہ عمران فاروق کو قتل کیا اور اس کے لئے انہیں ایم کیو ایم کے لندن سیکریٹریٹ سے رقم ملی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔