تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ

میچ شروع ہونےسے قبل باچا خان یونی ورسٹی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔


ویب ڈیسک January 22, 2016
میچ شروع ہونےسے قبل باچا خان یونی ورسٹی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ فوٹو: فائل

تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور نیوزی لینڈ نے 19 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا لئے ہیں۔ کیوی اوپنرز نے ایک بار پھر جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ چھٹا اوور کرانے شاہد آفریدی آئے اور پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا، انھوں نے 19 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ساتویں اوور میں 62 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو محمد رضوان کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ گیارہویں اوور میں وہاب ریاض نے کیوی قائد کین ولیمسن کو 33 رنز پر آؤٹ کردیا، شعیب ملک نے ان کا کیچ تھاما۔ روس ٹیلر 6 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ کورے اینڈرسن نے 27 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔ گرانٹ ایلیٹ 14 گیندوں پر 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ لیوک رونچی اپنا کھاتا کھولے بغیر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

میچ شروع ہونے سے قبل چارسدہ میں باچا خان یونی ورسٹی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وکٹ پہلے بولنگ کے لئے سازگار ہے اس لئے پولنگ کا فیصلہ کیا۔ عمر گل اور صہیب مقصود کو آرام دیا گیا ہے جب کہ محمد رضوان اور انور علی کو موقع دیا گیا ہے، انور علی سے اچھی امیدیں ہیں اس لئے انھیں موقع فراہم کیا ہے، نیوزی لینڈ کو کم سے کم رن پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

کیوی قائد کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھی فارم میں ہے، آج کا میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہناتھا کہ ٹیم میں ایسل کی جگہ ٹرینٹ بولٹ کو شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیزیز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں