حکومت ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانا چاہتی ہے توپہلے شریف خاندان اپنے اثاثے پاکستان لائیں عمران خان

جوحکومت نجکاری بل شفاف طریقے سے پاس نہیں کراسکتی اس سے شفاف نجکاری کےعمل کی توقع نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک January 22, 2016
جوحکومت نجکاری بل شفاف طریقے سے پاس نہیں کراسکتی اس سے شفاف نجکاری کےعمل کی توقع نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی فوٹو: فائل

HYDERABAD: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم انصاف پر ٹیکس لگانے کے مترادف ہے اس لئے اگر یہ اسکیم نافذ کرنا ہے تو شریف خاندان بیرون ملک موجود اپنے اثاثے پہلے پاکستان لائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر شریف خاندان ٹیکس دہندگان کا دائرہ وسیع کرنا چاہتے ہیں تو انہیں خود مثال بنتے ہوئے اپنے اوراپنے خاندان کے بیرون ملک موجود اثاثے پاکستان لانا چاہیئے، نویں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ایک مرتبہ پھر انصاف پر ٹیکس ہے جس کے ذریعے ٹیکس چوروں کو اپنا کالا دھن سفید کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت کی نجکاری پالیسی ماضی کی ہی طرح ہے کیوں کہ ماضی میں بھی اداروں کو بری طرح تباہ کیا گیا اوراداروں پرمن پسند اورنااہل لوگوں کو مسلط کیا گیا اس لئے جو حکومت نجکاری بل شفاف طریقے سے اسمبلی سے پاس نہیں کراسکتی اس سے کس طرح توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے عمل میں لائے گی۔



چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ باچاخان یونیورسٹی میں شہید ہونے والے پروفیسر حامد حسین کی شہادت پر پوری قوم اپنے ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے جس نے اپنے شاگردوں کو بچانے کے لئے پستول نکالا اور جام شہادت نوش کیا، باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کو بیرون ملک دورے سے فوراً وطن واپس آنا چاہیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں