امریکا میں برف کا طوفان مختلف حادثات میں 29 افراد ہلاک کروڑوں لوگ گھروں میں محصور

امریکا کی 11 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ساڑھے 8 کروڑ لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کا حکم دیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 24, 2016
کئی علاقوں میں اب تک 3 فٹ سے زائد برف باری ہوچکی ہے فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: امریکا کی مشرقی ریاستوں میں برف کے شدید طوفان نے زندگی کو منجمد کرکے رکھ دیا ہے جب کہ کروڑوں افراد اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔





امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے جنوبی خلیجی سمندری علاقے میں جنم لینے والا برفانی طوفان ارکنساس، ٹینیسی اور کنٹکی کے بعض مقامات پر برف گراتے ہوئے آگے بڑھتا جا رہا ہے اور سارے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آتے جا رہے ہیں، مشرقی ریاستوں میں حالیہ تاریخ کے شدید ترین برفانی طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے اور اب تک 20 ریاستوں میں 8 کروڑ 50 لاکھ افراد اس برفباری سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ برفباری کا سلسلہ اگلے ہفتے کے دوران بھی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اندرون اور بیرون ملک ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ متاثرہ ریاستوں میں اب تک سیکڑوں ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں جن میں 29 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ٹینیسی، نارتھ کیرولائنا، ورجینیا، میری لینڈ، پینسلوینیا، ڈسٹرکٹ کولمبیا اور دیگر کئی ریاستوں کے بعض علاقوں میں ہنگامی صورت حال کا نفاذ کر دیا گيا ہے، طوفان کے نتیجے میں لاکھوں مکانات بجلی سے محروم ہیں اور ریاست کینٹکی میں جہاں اب تک سب سے زیادہ برف پڑی ہے، ہزاروں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں۔



دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی برف میں مکمل طور پر چھپ گیا ہے، سڑکیں سنسان ہیں، ریستوران، بار اور سپرمارکیٹس بند ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے دارالحکومت کے رہائشیوں کو طوفان کے گزر جانے تک کسی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر پیرس اور سوئٹزرلینڈ کے پانچ روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچے لیکن ان کا جدید ترین طیارہ بھی خراب موسم کے باعث واشنگٹن کے قریب میری لینڈ میں نہ اتر سکا۔ ان کی پرواز کو فلوریڈا کی طرف جانا پڑا جہاں وہ موسم ٹھیک ہونے تک کا انتظار کریں گے اور پھر دارالحکومت واپس آئیں گے۔





دوسری جانب نیو یارک میں شدید برفانی طوفان تھمنے کے بعد اب گاڑیوں کی آمد و رفت پر لگی پابندی اٹھالی گئی ہے تاہم واشنگٹن ڈی سی میں میٹرو سروس بند رہیں گی اور اس علاقے میں ہوائی سفر مزید کچھ عرصے تک متاثر رہنے کا امکان ہے، اب تک اس برفانی طوفان کے باعث تقریباً 7 ہزار پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جب کہ آج بھی 615 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔



محکمہ موسمیات کے مطابق برف پڑنے کا سلسلہ جمعے سے شروع ہوا اور اس دوران کچھ علاقوں میں سوا تین فٹ سے زائد تک برف پڑ چکی ہے جس کے باعث ریلوے اور فضائی سروس کا نظام بری طرح مفلوج ہو چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں