پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند 3 ایئرپورٹس پر فلائٹ ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر 3 روز کے لئے فلائٹ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، ترجمان پی آئی اے

مسافر زحمت سے بچنے کے لئے پروازوں کی روانگی سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ایئرپورٹ پر آئیں، ترجمان پی آئی اے فوٹو: فائل

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کے پیش نظر پی آئی اے نے 3 ایئرپورٹس پر فلائٹ ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں ذرائع آمدو رفت بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر صرف ایک دن میں قومی ائر لائن کی اندرون اور بیرون ملک 6 پروازیں منسوخ 39 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، دھند میں کمی کے باعث 13 گھنٹے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت بحال ہوئی تاہم پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ اور ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند ہے۔


دھند کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی آئی اے نے اسلام آباد، پشاور اور ملتان ایئرپورٹس پر آئندہ 3 روز کے لئے فلائٹ ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے مسافر زحمت سے بچنے کے لئے پروازوں کی روانگی سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ایئرپورٹ پر آئیں۔

Load Next Story