بل کھاتی زلفیں

گھنگریالے بالوں کی صحت اور حسن کے لیے مفید ٹوٹکے

گھنگریالے بالوں کی صحت اور حسن کے لیے مفید ٹوٹکے. فوٹو: فائل

بال خواہ کسی قسم کے بھی ہوں، ان کی حفاظت اور صفائی یقیناً نظرانداز نہیں کی جا سکتی۔ کسی بھی خاتون کی شخصیت میں اس کے بالوں کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے اور خوب صوت بال ہی شخصیت کی دل کشی میں اضافہ کرتے ہیں۔

یہ تاثر غلط ہے کہ بہت لمبے بال ہی خوب صورتی کی علامت ہیں۔ بال اگر چھوٹے، لیکن صحت مند اور چمک دار ہیں، تو ان سے بہتر بال کسی اور کے نہیں ہو سکتے بالوں کے بڑھنے کی رفتار ایک مخصوص مدت تک ہوتی ہے۔ اس کے بعد بال بڑھنے کا سلسلہ رک جاتا ہے۔ بالوں کے مسائل میں خشکی سر فہرست ہے۔ اس کے علاوہ بالوں کا ٹوٹنا ان کا دو منہ ہو جانا بھی پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔ ان تمام مسائل سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ بالوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ساتھ ہی متوازن غذا کا استعمال کریں۔

باقاعدگی سے بالوں میں کسی اچھے تیل کی مالش بھی اہم ہے۔ بالوں کی اقسام میں سیدھے اور پتلے بال (خواہ کتنے ہی لمبے کیوں نہ ہوں) صفائی کے لیے مشکل ثابت نہیں ہوتے۔ گھنگریالے بالوں کی بہ نسبت یہ بال دیکھنے میں خشک، کھردرے اور گھنے معلوم ہوتے ہیں اور ان کا سلجھانا بھی ایک دقت طلب مرحلہ ہوتا ہے۔ وہ خواتین جن کے بال قدرتی طور پر بہت زیادہ گھنگریالے ہیں اور وہ انہیں کسی مصنوعی طریقے سے سیدھے بھی نہیں کرانا چاہتیں، کیوں کہ گھنگریالے بال ہر دور میں پسند کیے جاتے رہے ہیں۔ اس لیے ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بالوں کی حفاظت اور صفائی کے لیے چند گھریلو ٹوٹکے استعمال کریں۔

ان کے گھنگریالے بال سیدھے اور لچک دار ہو جائیں گے اور ان میں قدرتی چمک بھی پیدا ہو جائے گی۔ بازار میں بھی گھنگریالے بالوں کے لیے بے شمار مصنوعات دست یاب ہیں، جن میں اکثر اوقات صحیح چیز کا انتخاب مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسی اشیا بھی فروخت کی جاتی ہیں، جن سے وقتی طور پر تو بال سیدھے اور نرم ہو جاتے ہیں، لیکن کچھ عرصے کے بعد ان کے کئی نقصانات سامنے آتے ہیں۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ایسے بالوں کے لیے گھریلو نسخے آزمائے جائیں، جن کاکوئی نقصان نہیں۔

٭گھنگریالے بالوں کی حفاظت اور انہیں قدرتی شکل میں برقرار رکھنے کے لیے سیب کا سرکہ ایک بہترین چیز ہے اور ان میں ایک صحت مند تاثر پیدا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ بالوں کی افزایش بھی اچھی ہوتی ہے۔ سیب کے سرکے اور پانی کو ہم وزن ملا لیں، جب آپ بالوں میں شیمپو کر چکیں، تو پھر اسے بالوں میں لگائیں اور چند منٹ انتظار کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس طریقے سے ہفتے میں ایک سے دو بار استفادہ کیا جا سکتا ہے۔


٭گرم تیل کی مالش بھی ایسے بالوں کے لیے انتہائی فائدہ مند رہتی ہے۔ اس کا روزانہ استعمال جلد ہی مطلوبہ نتائج دیتا ہے۔ گرم تیل کی مالش سے بالوں میں موئسچرائزر رہتا ہے، جو بالوں کو سیدھا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے لیے زیتون، بادام اور ناریل کا تیل استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان میں سے جو بھی تیل بالوں کے لیے بہتر ہے، اسے دو سے تین منٹ کے لیے مائیکرو ویو اوون میں رکھ کر گرم کرلیں، پھر ٹھنڈا ہونے دیں یا نیم گرم رکھیں، اس کے بعد اس سے بالوں میں جڑوں تک اچھی طرح سے مالش کریں اور پھر شاور کیپ پہن لیں اور پر گرم تولیہ لپیٹ لیں اور ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد بالوں میں اچھی طرح شیمپو اور کنڈیشنر کریں۔ یہ طریقہ ہفتے میں ایک بار ضرور استعمال کریں ۔

٭انڈہ ہر قسم کے بالوں کی حفاظت کے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ انڈوں میں پروٹین اورچکنائی کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے، جس سے بال موئسچرائز رہتے ہیں۔ گھنگریالے بالوں میں لگانے کے لیے ایک انڈے میں دو چائے کے چمچے زیتون کا تیل، اور ایک بڑا چائے کا چمچا مایونیز ڈال کر اچھی طرح سے ملا لیں اور پھر اسے بالوں میں 30 منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس کے علاوہ ایک انڈے میں دو چائے کے چمچے زیتون کا تیل اور ایک چوتھائی کھیرا ملا کے بالوں میں آدھے گھنٹے کے لیے لگا کر چھوڑ دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے شیمپو کر کے کنڈیشنر کرلیں۔ اس طریقے کو ہفتے میں ایک بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔

٭ ناشپاتی میں چوں کہ موئسچرائزر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے گھنگریالے بالوں کو ہائی ڈریڈ رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں چمک دار اور ہم وار رکھتا ہے اور انہیں آسانی سے سلجھایا جا سکتا ہے، اس کے لیے ایک پسی ہوئی ناشپاتی میں دو کھانے کے چمچے دہی شامل کریں اور اچھی طرح ملالیں اور پھر اسے ایک گھنٹے کے لیے بالوں میں لگائیں۔ اس کے علاوہ دہی کی جگہ زیتون کا تیل یا 'کوکونٹ ملک' بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ ایک دوسرے طریقہ میں ایک کیلا اور ہم وزن ناشپاتی پیس کر بادام کا تیل شامل کریں اور 20 منٹ کے لیے بالوں میں لگا کر شیمپو کرلیں۔

٭میتھی میں شامل قدرتی اجزا بالوں میں نمی کی شدت یا مقدار کو بڑھاتا ہے۔ اس کے لیے تین سے پانچ کھانے کے چمچے میتھی کے بیجوں کو رات بھر کے لیے بھگو کر رکھ دیں۔ اگلے دن انہیں گرائنڈر میں پیس لیں، پھر اس آمیزے میں تین کھانے کے چمچے دہی اور ایک کھانے کا چمچا زیتون کا تیل شامل کر کے ایک گھنٹے کے لیے بالوں میں لگائیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھونے کے بعد شیمپو کر لیں۔ یہ طریقہ ہفتے میں ایک بار کیا جا سکتا ہے۔

٭ایلوویرا میں بے شمار منرلز اور وٹامن کے علاوہ دوسرے کئی قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس لیے یہ نہ صرف بالوں، بلکہ مجموعی طور پوری صحت کے لیے ہی بہتر سمجھے جاتے ہیں۔ بالوں میں تازہ ایلوویرا کا مساج کریں اور پندرہ منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو کر شیمپو کر لیں۔ اس کے علاوہ چار کھانے کے چمچے ایلو ویرا جیل، دو کھانے کے چمچے ناریل کا تیل اور تین کھانے کے چمچے دہی کا آمیزہ بنا کر بالوں میں آدھے گھنٹے کے لیے لگائیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ عمل ہفتے میں ایک بار کیا جا سکتا ہے ۔
Load Next Story