باچا خان یونیورسٹی غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا فیصلہ

ہم بندوق سے نہیں قلم و کتاب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے،وائس چانسلر

باہمت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد ایک مرتبہ پھر تعلیم کے حصول کے لئے یونیورسٹی پہنچ گئی۔ فوٹو:فائل

باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر فضل رحیم نے جامعہ کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلرفضل رحیم کی زیرصدارت سینڈیکیٹ کا اجلاس ہوا جس میں دیشت گردوں کی کارروائی کے بعد خراب ہونے والے ہاسٹل کی مرمت اور والدین کے تحفظات کے پیش نظر یونیورسٹی کو غیرمعینہ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کی سیکیورٹی کے لئے فرینٹیئرکانسٹبلری (ایف سی) فراہم کی جائے اوریونیورسٹی کو موٹروے انٹرچینج سے ملانے کے علاوہ جامعہ کے اندر 100 گز کے فاصلے پر واچ ٹاور تعمیر کرنے کے علاوہ فائربریگیڈ اور ایمبولینس فراہم کی جائے۔ وائس چانسلرفضل رحیم کا کہنا تھا کہ باچا خان یونیورسٹی کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ثابت کیا کہ وہ ڈرے نہیں بلکہ تعلیم چاہتے ہیں اور ہم بندوق سے نہیں قلم و کتاب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔


دوسری جانب باچا خان یونیورسٹی کے شہدا کے لئے مختلف شعبہ جات میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد طالبعلموں نے یورنیورسٹی میں امن ریلی نکالی جب کہ بعض طلبا کی جانب سے یونیورسٹی کے باہراحتجاج بھی کیا گیا اورمظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو چار سدہ چوک میں پھانسی دی جائے اور تمام تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ 20 جنوری کو دہشت گردوں نے دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یونیورسٹی میں داخل ہوکر یونیورسٹی عملے سمیت 20 طالبعلموں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا جب کہ جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے تھے۔

Load Next Story