امریکامیں سینڈی طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 100 ہوگئی

متعددافرادتاحال لاپتہ ہیں،ہلاکتوں میں مزیداضافے کاخدشہ ، 12ریاستیں بجلی سے محروم.

نیویارک: سمندری طوفان سینڈی کے نتیجے میں تباہ ہونے والی کشتیاں فری پورٹ پر پڑی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شمالی مشرقی امریکامیں رواں ہفتے آنیوالے سمندری طوفان سینڈی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوںکی تعداد100کے قریب پہنچ گئی ہے اوراس میں مزیداضافے کاخدشہ ظاہرکیاجارہاہے۔


ہلاک شدگان میں سے38کاتعلق نیویارک شہرسے تھا جبکہ متعدد افرادلاپتہ ہیں۔طوفان گزرنے کے بعداب بحالی کا عمل جاری ہے تاہم اب بھی12ریاستوں میں45لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں اورانہیں ایندھن کی شدید قلت کابھی سامنا ہے۔نیشنل گارڈ نیویارک کے رہائشیوں کوپکے ہوئے کھانوں کے پیکٹ اورپانی کی بوتلیں پہنچارہے ہیں،امریکامیں اس طوفان سے جزائر غرب الہندکے مقابلے میں زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں69افراد اس کا نشانہ بنے تھے۔امدادی کارکن اب بھی متاثرہ علاقوں خصوصاًجزیرہ اسٹیٹن میں گھرگھر تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نیویارک کے اس جنوب مغربی علاقے سے اب تک کم از کم 15 لاشیں مل چکی ہیں۔

جزیرہ اسٹیٹن کے نشیبی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں سمندری پانی نے خاصی تباہی مچائی ہے اور مکان اپنی بنیادوں سے اکھڑگئے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر کے لگ بھگ لگایاگیاہے۔نیویارک شہر اور ریاست نیوجرسی میں اب بھی متعددپٹرول پمپ بند ہیں اور جو پمپ کام کر رہے ہیں وہاں شہریوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔نیویارک میں سڑکوں پررش کم کرنے کے لیے مسافر ٹرینوں،سب ویز اور بسوں پر عارضی طور پرمفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
Load Next Story