انتخابات میں عوام کاغذی شیروں کا برا حشر کرینگےشرجیل میمن

الیکشن کمیشن 1990 کے جعلی وزیر اعظم اور آمروں کی پیداوارکو سیاست سے نااہل قراردے.


Staff Reporter November 03, 2012
موجودہ دور حکومت میں پورے ملک بالخصوص سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، بیان۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر 1990 کے جعلی وزیر اعظم اور آمروں کی پیداوار میاں نواز شریف کو سیاست سے نااہل قرار دے ۔

صوبائی وزیر نے جمعے کو اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام ان کاغذی شیروں اور مشکل حالات میں ملک چھوڑ کربھاگ جانے والوں کا برا حشر کریں گے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوںمیں واضح برتری اور پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے حکومت بنائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ مخالفین کے من گھڑت پراپیگنڈے اور جمہوری حکومت کے خلاف تمام سازشیں ان ساڑھے چار سالوں میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں، آئندہ قومی انتخابات میں جعلی مینڈیٹ کے بے تاج بادشاہ نواز شریف کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پورے ملک بالخصوص سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، سندھ کے دور دراز علاقوں میں عوام کو ضروریات زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں پیپلز پارٹی کے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہیں اور آئندہ انتخابات میں ان کی شکست یقینی ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کے بعد عوام کے سامنے نواز شریف کا اصل چہرہ عیاں ہوچکا ہے، اب نواز شریف پیسوں پر بکنے والی ایک بازاری چیز بن چکے ہیں جسے کوئی بھی من پسند قیمت پر خرید سکتا ہے ۔

علاوہ ازیں شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں چوہدری نثار احمد کی پریس کانفرنس کے اس حوالے سے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ حکومت یار محمد رند کے خلاف انتقامی کاروائی کررہی ہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یار محمد رند کو حکومت نے گرفتار نہیں کیا، بلکہ سپریم کورٹ کے احکام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار کا بیان سپریم کورٹ کی توہین ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں