پاکستانی ٹیم کودورہ بھارت کی اجازت نہیں دینگے وشواہندوپریشد

ممبئی حملوں اوردہشتگردی میں پاکستان ملوث ہے،ترجمان،دورے پراحتجاج کی دھمکی


Express Desk November 03, 2012
پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارت کاخیرمقدم کرینگے،کھیل کوسیاست سے الگ رکھا جائے، وزیر داخلہ. فوٹو: اے ایف پی

بھارتی انتہاپسند ہندئوں نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت میں کرکٹ سیریزکیلیے دورہ پاکستان کی اجازت واپس لی جائے ورنہ ملک بھرمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

انتہاپسندہندوجماعت جماعت وشواہندو پریشدنے کہاہے کہ بھارتی حکومت کوپاکستانی کرکٹ ٹیم کواس وقت تک بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے جب تک پاکستان ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو بھارت کے حوالے نہیں کردیتا۔ وشواہندو پریشدکے ترجمان نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم ایک ایسے ملک کے ساتھ کھیلوںکے انعقادمیں کیوں تعاون کریں جوبھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں براہ راست ملوث ہو،پاکستان تودہشت گردی کے واقعات کے شواہدتک بھارت کوفراہم کرنے کیلیے تیارنہیں ہے۔دوسری جانب بھارتی وزیرداخلہ ششیل کمارشندے نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ بھارت کاخیر مقدم کیاجائے گا۔

انھوں نے بھارتی ہندو انتہاپسندجماعتوں کی جانب سے دورہ پاکستان کے خلاف احتجاج کی دھمکیوں پراپنے ردعمل میں کہاکہ کھیلوں کوسیاست سے پاک رکھاجاناچاہیے،کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی ملک سے بھارت آکر کھیل سکتاہے ہم کسی پرپابندی نہیں لگاسکتے۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ کادورہ بھارت دسمبر میں طے ہوچکاہے اوربھارتی حکومت نے اس سیریزکی باقاعدہ اجازت بھی دیدی ہے۔دریں اثناء بھارتی وزارت داخلہ نے نے کہاہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے 5ہزارپاکستانی شائقین کوسنگل سٹی ویزا جاری کیاجائے گا۔آئی این پی کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کیساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے فیصلے پر کسی بھی مرحلے پر نظرثانی ہو سکتی ہے جو حالات پر منحصر ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں