غیر سیاسی سیاست

غیر سیاسی سیاست ہمارے ملک میں مقبول ہورہی ہے، اس لیے سیاست کو برا کہہ کر غیر سیاسی سیاست کی جاتی ہے۔


میرشاہد حسین January 26, 2016
منافقت کو ہم نے سیاست کا نام دے دیا ہے، لیکن سیاست تو عبادت ہے۔ خلق خدا کی خدمت کا نام ہے۔ فوٹو:فائل

آج میں سیاست پر بالکل بات نہیں کروں گا۔

تو پھر کس پر بات کرو گے؟

کسی پر بھی لیکن سیاست پر نہیں، آپ کھیل کی بات کیجئے۔

کھیل میں تو سیاست ہے۔

اچھا تو آپ فلموں پر بات کر لیجئے۔

وہاں پر بھی سیاست ہے۔

تو پھر آج ہم کاروبار پر بات کرتے ہیں۔

آپ کا کیا خیال ہے کاروبار بغیر سیاست کے چل سکتا ہے؟ نہیں۔۔۔ ایک قدم بھی نہیں۔ کھیل، فلم اور کاروبار، غرض کوئی شعبہ زندگی ایسا نہیں جس کی خبریں اخبارات کی زینت نہ بنتی ہوں اور جن کی خبر بنتی ہوں، اس میں سیاست خود بخود آجاتی ہے۔ تو پھر آپ ہی بتاؤ وہ کون سا موضوع ہے جو سیاست سے پاک ہے؟
''سیاست''

ہیں سیاست؟ سیاست سے پاک ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے؟

آپ غیر سیاسی سیاست پر بات کرو یہ سیاست سے پاک ہے۔

مطلب؟

آپ نے اکثر سیاستدانوں کے منہ سے یہ جملہ سنا ہوگا کہ میں اس پر سیاست کرنے نہیں آیا، یا سیاست بعد میں کریں گے ابھی کام کرلیں۔

یعنی سیاست کو سیاست سے پاک سیاستدان ہی بنا رہے ہیں۔ سیاست تو گویا ہمارے ہر شعبہ زندگی میں خون کی طرح رچی بسی ہوئی ہے۔ چاہے وہ ہمارے سیکیورٹی ادارے ہوں، عدلیہ ہو، بیورو کریٹس ہوں یا ٹیکنوکریٹس یہ سب آپ کو وافر مقدار میں سیاست میں نظر آئیں گے۔

لیکن ابھی تو آپ کہہ رہے تھے کہ سیاست میں غیر سیاسی لوگ موجود ہیں۔

جی ہاں غیر سیاسی سیاست کی بے حد کامیابی کے بعد اسے سیاستدانوں نے بھی اپنا لیا ہے۔

لیکن اس طرح وہ سیاست کیسے کرسکتے ہیں؟

غیر سیاسی سیاست ہمارے ملک میں مقبول ہورہی ہے۔ اس لیے سیاست کو برا کہہ کر غیر سیاسی سیاست کی جاتی ہے۔

میں نے کہا تھا کہ میں سیاست پر آج بات نہیں کروں گا اور آپ مستقل مجھ سے سیاست پر ہی بات کیے جارہے ہیں۔

اسی کو تو کہتے ہیں غیر سیاسی سیاست۔

یہ تو کھلی منافقت ہے۔

ہم اور ہماری قوم پچھلی کئی دہائیوں سے یہی تو کرتی چلی آرہی ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنایا اور نظام انگریزوں کا چلا رہی ہے۔ جرنیل حلف اٹھاتے ہیں کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے لیکن، ہمارے ملک پر پچھلی کئی دہائیوں سے جرنیل حکومت کرچکے ہیں۔ گویا منافقت کو ہم نے سیاست کا نام دے دیا ہے، لیکن سیاست تو عبادت ہے۔ خلق خدا کی خدمت کا نام ہے۔
یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب سیاست سے منافقت کو نکالا جائے، اور اس کے لیے ہمیں غیر سیاسی سیاست کی ضرورت پڑے گی، تو چلو آج سے ہم غیر سیاسی پارٹی بناتے ہیں جس کا منشور ہوگا منافقت سے پاک سیاست تو پھر میں چلتا ہوں۔

کہاں؟
''ایسے شخص کو ڈھونڈنے جو غیر سیاسی بھی ہو اور منافقت سے بھی پاک ہو''۔

[poll id="913"]


نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔