اچھی صحت قومی اثاثہ ہے

ڈاکٹر نہ صرف مریض کے بدن کا بلکہ وسیع تر معنوں میں سیاست و سماج کے جسمانی و ذہنی عوارض کا رازداں ہوتا ہے

اچھی صحت قومی اثاثہ ہے، چنانچہ مسیحا برادری بھی دکھی اور بیمار انسانیت کی خدمت کا نیا جذبہ اپنے اندر پیدا کریں۔ اسی میں سب کا فائدہ ہے۔ فوٹو: فائل

مسیحائی پیشہ پیغمبری ہے۔ ڈاکٹر نہ صرف مریض کے بدن کا بلکہ وسیع تر معنوں میں سیاست و سماج کے جسمانی و ذہنی عوارض کا رازداں ہوتا ہے لیکن جب ارباب اختیار اپنی مصلحتوں کے باعث ڈاکٹروں کے جائز مطالبات و مسائل کے حل میں بھی تساہل اور عدم توجہی کے مرتکب ہوتے ہیں تو وہی ہوتا ہے جو ملک کے سب سے بڑے جناح اسپتال کراچی میں ہوا جہاں پوسٹ گریجویشن اور ہاؤس افسران نے مذاکرات کی کامیابی کے بعد پیر کی شام احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ اسپتال میں 4 دن سے ڈاکٹروں کے احتجاج کی وجہ سے ہزاروں مریض علاج سے محروم رہے۔

ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ تھا کہ جناح اسپتال میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈاکٹروں کے ماہانہ اعزازیہ پنجاب کے مساوی اور وقت دیا جائے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ملک کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسنگ کے شعبے سمیت دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے مطالبات کو تسلیم کرانے کے لیے احتجاجی مظاہرے یا ہڑتال کرتے ہیں، اور جب تک بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا مریضوں کو علاج معالجہ میں جو پریشانی ہوتی ہے۔


وہ خاصی تکلیف دہ ہوتی ہے اور مسیحا خود بھی اس اندہ ناک صورتحال سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں مگر اصل مسئلہ مزاکرات اور مطالبات کی منظوری میں تاخیر کا عنصر اسپتال کی انتظامیہ کو عضو معطل بنادیتا ہے،اس لیے صائب طریقہ یہ ہے کہ لازمی خدمات کے عالمی تصور کو مد نظر رکھتے ہوئے وزرات اور محکمہ صحت کے حکام ڈاکٹرز اور دیگر طبی شعبوں کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی درست تدبیر کریں تو کبھی بھی ہڑتال کی نوبت نہ آئے۔

یہ خوش آیند امر ہے کہ سیکریٹری صحت سندھ نے پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈاکٹروں کی رکی ہوئی تنخواہیں فوری ادا کرنے اور پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے مساوی کرنے کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد ینگ ڈاکٹروں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال میں منگل سے معمول کے مطابق کام شروع ہوگا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت مسیحا برادری سے خوشگوار تعلقات کو یقینی بنائے۔ اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہزاروں اسامیاں خالی ہیں، دواؤں کی چوری کی شکایات عام ہیں، دیہی عوام کو علاج کی بہتر سہولوتوں کے لیے مسیحاؤں کا انتظار ہے۔ اچھی صحت قومی اثاثہ ہے، چنانچہ مسیحا برادری بھی دکھی اور بیمار انسانیت کی خدمت کا نیا جذبہ اپنے اندر پیدا کریں۔ اسی میں سب کا فائدہ ہے۔
Load Next Story