’’نوبال‘‘ بوائے عامر کی ’’وائیڈز‘‘ پر خدشات مسترد

بعض اوقات ایسی گیندیں ہوجاتی ہیں، بورڈپیسرکوبھرپور سپورٹ کررہا ہے، چیئرمین پی سی بی

ویلنگٹن میں عامر اور ٹیم کو ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا،نوٹ لہرانے پر ردعمل فوٹو:اے ایف پی

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ''نوبال'' بوائے محمد عامر کی ''وائیڈز'' پر خدشات مسترد کردیئے، ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات ایسی گیندیں ہو جاتی ہیں، بورڈ پیسر کی بھرپور سپورٹ کررہا ہے، ڈریسنگ روم میں انھیں قابل قبول بنانے کا عمل بھی بہتر انداز میں آگے بڑھنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں دانستہ نوبال کرنے پر5سالہ پابندی کی سزا کاٹنے والے محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس تو آگئے لیکن ماضی کے منحوس سائے ابھی تک کسی نہ کسی انداز میں ان کا پیچھا کررہے ہیں، قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی اور محمد حفیظ نے پیسر کی شمولیت کیخلاف بغاوت کرنے کے بعد پی سی بی کے سامنے ہارمانی، واپسی کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عامر نے وائیڈ بال سے آغاز کیا، پیر کو ویلنگٹن میں ون ڈے میچ میں بھی ان کی پہلی گیند وکٹوں سے دور رہی،اسٹیڈیم میں بیٹھے ایک تماشائی نے طنز کیلیے ڈالر بھی لہرا دیے۔


چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ''وائیڈز'' کے حوالے سے تمام خدشات مسترد کردیئے، انھوں نے کہا کہ ایسی گیندیں ہوجاتی ہیں،پیسر نے بہت اچھی بولنگ کی،بورڈ انھیں مکمل طور پر سپورٹ کررہا ہے،وہ بھی ٹیم کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے جا رہے ہیں، ڈریسنگ روم میں انھیں قابل قبول بنانے کا عمل بہتر انداز میں آگے بڑھنے لگا،

انھوں نے اظہر علی اور محمد حفیظ سمیت تمام کھلاڑیوں سے معافی بھی مانگی اور خود کو ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ تماشائی کی طرف سے ڈالرز لہرائے جانے کے سوال پر شہریار خان نے کہا کہ ویلنگٹن میں عامر اور ٹیم کو ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا لیکن ایسی باتوںکیلیے ذہنی طور پر تیاراور اتنے مضبوط ہیں کہ ان کا سامنا کرسکیں۔
Load Next Story