بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی

بھارتی پارلیمنٹ نے 17 بٹالینز کی تعیناتی کی منظوری دی ہے جس میں سے 5 مقبوضہ کشمیر میں تعینات کی جائیں گی۔


ویب ڈیسک January 27, 2016
مقبوضہ کشمیر کیلئے سرحدی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو 60 فیصد نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سیکیولر اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے مزید فوجی نفری تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر اور نکسل باغیوں سمیت آزاد ریاست کا مطالبہ کرنے والے دیگر علاقوں میں فوج کی 17 بٹالینز کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ سترہ میں سے 5 انڈین ریزرو بٹالینز مقبوضہ کشمیر میں، 4 چھتیس گڑھ میں، 3 جھار کھنڈ میں، 3 اڑیسہ میں اور 2 بٹالینز مہاراشٹرا میں تعینات کی جائیں گی۔

مقبوضہ کشمیر میں 5 بٹالینز کی تعیناتی کے لئے وادی کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو 60 فیصد نوکریاں فراہم کی جائیں گی جنھیں کانسٹیبلز اور کلاس فور پر تعینات کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے علاوہ دیگر ریاستوں میں آزادی کی تحریکوں کو کچلنے کے لئے بھرتیاں سیکیورٹی ریلیٹڈ ایکسپنڈیچر اسکیم کے تحت کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے انڈین ریزرو بٹالینز کی اسکیم کا قانون 1971 میں نافذ کیا تھا جس کے تحت بھارت اب تک 153 بٹالینز کو مختلف علاقوں میں تعینات کر چکا ہے جن میں سے بڑی تعداد مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں تعینات ہے۔ بھارت میں اس وقت بھی 7 لاکھ کے قریب بھارتی فوج تعینات ہے جو گزشتہ 60 برسوں سے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔