محمد عامر کی آمد پرپیسوں کی دُھن والا میوزک چلانے پرنیوزی لینڈ نے معافی مانگ لی

جب عامر تیسرے ٹی ٹونٹی میں بیٹنگ کرنے آئے تو ان کی آمد پر اناؤنسر نے کیش رجسٹر کھلنے کا میوزک چلادیا۔

جب عامر تیسرے ٹی ٹونٹی میں بیٹنگ کرنے آئے تو ان کی آمد پر اناؤنسر نے کیش رجسٹر کھلنے کا میوزک چلادیا۔ فوٹو؛ فائل

محمد عامر کی میچ فکسنگ کی گونج کرکٹ کے میدان میں کتنے عرصے تک گونجتی رہے گی اس کا فیصلہ تو وقت کرے گا لیکن نیوزی لینڈ کے دورے میں یہ گونج مسلسل ان کا پیچھا کرہی ہے اور ایک خبر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جب وہ تیسرے ٹی ٹونٹی میں بیٹنگ کرنے آئے تو ان کی آمد پر اناؤنسر نے کیش رجسٹر کھلنے کا میوزک چلادیا جس پر اب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے معافی مانگتے ہوئے ویسٹ پیک کرکٹ گراؤنڈ کے اسٹیڈیم اناؤنسر کی سرزنش کی ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ویسٹ پیک کرکٹ گراؤنڈ کے تجربہ کار اناؤنسر مارک نے اس وقت ''کیش رجسٹر'' کے کھلنے کی آواز اسٹیڈیم میں چلائی جب اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کی پابندی ختم ہونے کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر بیٹنگ کرنے آئے جب کہ پاکستان کی طرف سے اس جانب توجہ دلائے جانے پر نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈیوڈ وائٹ نے اس عمل پر پاکستان سے معذرت کی ہے اور سرعام اناؤنسرمارک کو انتباہ کیا۔


نیوزی لینڈ بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ایسی آواز چلانا نامناسب اور ہتک آمیز تھی اور اس پر ہم نے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ سے رابطہ کیا ہے اور معافی مانگی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں محمد عامر کا پرتپاک استقبال نہیں کیا گیا جب کہ ایڈن گارڈن میں ان کا اچھا استقبال کیا گیا لیکن وہیں چند افراد نے ان کی گراؤنڈ میں آمد پر ہوٹنگ کی۔ پاکستانی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پہلے ایک روزہ میچ کے دوران ایک شخص نے محمد عامر کو رقم اور جیولری دکھائی جب کہ اس موقع پر محمد حفیظ نے اس شخص کے بارے میں ٹیم کی سکیورٹی ٹیم کو مطلع کیا تھا جس پر سکیورٹی ٹیم نے اس شخص کو ایسا کرنے سے منع کیا اور اسٹیڈیم سے نکالنے جانے کی دھمکی دی تھی جس پر وہ اپنی حرکت سے باز آگیا تھا۔

Load Next Story