جوہانا کونٹا نے برطانیہ کا33سالہ انتظار ختم کر دیا

کیربر کے ہاتھوں آذرنیکا کا قصہ تمام، مرے اور میلوس راؤنک کی فائنل فور میں رسائی


AFP January 28, 2016
کیربر کے ہاتھوں آذرنیکا کا قصہ تمام، مرے اور میلوس راؤنک کی فائنل فور میں رسائی۔ فوٹو : اے ایف پی

جوہانا کونٹا نے برطانیہ کا 33 سالہ انتظار ختم کرادیا، وہ 1983 کے بعد کسی بھی گرینڈ سلم کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی انگلش خاتون پلیئر بن گئیں،

تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں بدھ کو منعقدہ کوارٹر فائنلز میں برطانیہ کی جوہانا کونٹا نے چینی حریف ژانگ کیخلاف 6-4،6-1 سے آسان فتح سمیٹ کر اپنے ملک کا 33 سالہ انتظار ختم کردیا، وہ 1983 کے بعد کسی بھی گرینڈ سلم کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی انگلش خاتون پلیئر بنیں، سیمی فائنل میں ان کا ٹاکرا جرمن پلیئر اینجلیک کیربر سے ہوگا، جنھوں نے راؤنڈ8 میں دو مرتبہ کی چیمپئن بیلاروسی پلیئر وکٹوریہ آذرنیکا کو 6-3،7-5 سے ٹھکانے لگایا، 24 سالہ کونٹا کیلیے انفرادی طور پر بھی یہ بہترین پرفارمنس شمار ہوگی۔

جوہانا اس سے قبل گرینڈ سلم کے چوتھے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں، تاہم فائنل فور میں جگہ بناکر انھوں نے ہموطن ورجینیا ویڈ (1972 میں انھوں نے ٹائٹل جیتا) اور سوئی بارکر (1975 اور1977میں میلبورن کے سیمی فائنلز تک پہنچیں ) کی ہمسری کرلی، تاہم ان سے قبل 1983 میں انگلش پلیئر جوئے ڈوری نے یوایس اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، مینز سنگلز میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے ڈیوڈ فیرر کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے۔

چار مرتبہ آسٹریلین اوپن کے رنر اپ رہنے والے اینڈی مرے نے تین گھنٹے 20 منٹ کی آزمائش میں اسپینش حریف کو 6-3، 6-7 (5/7)، 6-2 اور6-3سے مات دی، کونٹا اور اینڈی مرے کی سیمی فائنل میں رسائی 1977 کے بعد کسی ایک گرینڈ سلم میں دو برطانوی پلیئرز کی اس مرحلے تک رسائی کا پہلا واقعہ ہے، 39 برس قبل اسی ایونٹ میں جون لائیڈ اور سوئی بارکر نے یہ ایسا کیا تھا، چوتھے اور اختتامی کوارٹر فائنل میں کینیڈا کے میلوس راؤنک نے فرنچ پلیئر گیل مونفیلز کو 6-3، 3-6، 6-3 اور6-4 سے شکست دے دی۔

جمعرات کومینز سنگلز سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک اور سوئس ماسٹر راجرفیڈرر مدمقابل آئیں گے، باہمی مقابلوں میں ان کا ریکارڈ سردست 22-22 سے برابر ہے، ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کا سامنا اگنیسکا ریڈوانسکا سے ہوگا،امریکی سپراسٹار سابق جرمن پلیئر اسٹیفی گراف کے 22 گرینڈ سلم کا ریکارڈبرابرکرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں