حج 2016 سرکاری پیکیج 40 روزسے کم کرنے مختلف ایئرلائنزکے آپشن کی تجاویز

معلمین کوسامان جہاز پرلوڈکرانے اوراتارنے کاپابند بنایا جائے

رہائش حرم کے قریب ہوٹلوں میں حاصل کی جائے، حج اخراجات میں کمی کیلیے گروپ آرگنائزر اور عازمین حج نے تجاویز پیش کر دیں فوٹو: ایکسپریس/فائل

گروپ آرگنائزرز اور عازمین حج نے حج 2016 کے لیے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج اخراجات میںکمی کے لیے سرکاری حج پیکیج 40 روز سے کم کرکے 20 سے 25 روز کیا جائے اور عازمین حج کو مختلف ائیرلائنوں میں سفر کا آپشن دیا جائے۔

2016 میں فریضہ حج کے خواہشمند حضرات نے تجویز کیا ہے کہ حج اخراجات میں کمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں سرکاری حج پیکیج کو 40 روز سے کم کرکے 20 سے 25 روز تک کیا جائے جس میں مدینہ منورہ کے 8 سے 9 روز شامل ہوں اس سے حج اخراجات 50 فیصد تک کم ہوجائیں گے اور کم آمدنی والے مسلمانوں کو فرض کی ادائیگی میں سہولت ملے گی۔


انھوں نے تجویز کیا کہ رہائش کے انتظامات مکہ مکرمہ میں عزیزیہ کے بجائے زم زم ٹاور کے عقب میں واقع ہوٹلوں میں کیے جائیں حج 2015 میں بھارت بنگلہ دیش اور دیگر ملکوں کے حاجیوں کو انتہائی کم حج پیکیج میں ٹھہرایا گیا تھا حرم سے قریب رہائش کے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بچت ہوگی قربانی کی طرح کھانے کابھی صوابدیدی اختیار دیا جائے اور حاجی ضرورت پردستیاب کھانا اور ادائیگی کرکے بھی حاصل کرسکیں۔

معلمین کو حاجیوں کا سامان جہاز پر لوڈ کرانے اور اتارنے کا پابند بنایا جائے،معلمین کی خدمات صرف مکہ مکرمہ ہی میں نہیں بلکہ مدینہ منورہ میں بھی فراہم کی جائیں، وزارت مذہبی امورپاکستانی حاجیوں کا الگ تشخص قائم کرنے کے لیے سامان رکھنے کے پیراشوٹ بیگ یا سوٹ کیس ایک ہی رنگ جیسے خود فراہم کرے جس پر ان کے نام پاسپورٹ نمبر اور دیگرمعلومات پرنٹ ہوں، فضائی کمپنیوں کے لیے عازمین حج کو سیلیکشن کا موقع دیا جائے حج فارم میں ایک خانہ بھی دیا جائے جس میں ہر حاجی فضائی کمپنی سے متعلق اپنی ترجیح سے آگاہ کرے ۔

وزارت مذہبی امور کو چاہیے کہ وہ مزید فضائی کمپنیوں کو حج آپریشن کے لیے مدعوکرے اس سے مقابلے کا رجحان پیدا ہوگا اورعازمین حج کو بھی زیادہ سہولتیں حاصل ہوں گی.
Load Next Story