سندھ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لئے ریپڈ رسپانس فورس فعال کرنے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور تدریسی عمل کے دوران پولیس و رینجرز کے گشت کو بڑھایا جائے گا


ویب ڈیسک January 28, 2016
تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پولیس اور رینجرز کے حوالے ، رپیڈ رسپانس فورس فعال کرنے کی ہدیات جاری ، فوٹو : فائل

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے ریپڈ رسپانس فورس فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا ، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ، وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی پولیس، اور سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا جس کے لئے پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کو فعال کیا جائے گا جبکہ فورس کی مدد کے لئے رینجرز بھی ہمہ وقت تیار رہے گی۔ تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کی چھت پر خصوصی واچ ٹاور بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ تعلیمی اداروں کے اطراف تدریسی عمل کے دوران موبائل اور موٹر سائیکلوں کے ذریعے پولیس کا گشت بڑھایا جائے، کالجوں میں چھٹی کا وقت روز تبدیل کیا جائے، کالج کے داخلی اور خارجی راستوں کو محدود کیا جائے، اس کے علاوہ کالجز میں طلبا اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی تعداد کے حوالے سے متعلقہ تھانے اور ڈپٹی کمشنر کو بھی آگاہ کیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔