سرینا نے ریڈ وانسکا کا بھی جینا دوبھر کر دیا

اسٹیفی گراف کا ریکارڈ ایک فتح دور، ٹائٹل کیلیے کیربر سے مقابلہ، مینز میں جوکووک نے فیڈرر کو ہرا دیا


AFP January 29, 2016
 اسٹیفی گراف کا ریکارڈ ایک فتح دور،ٹائٹل کیلیے کیربر سے مقابلہ، مینز میں جوکووک نے فیڈرر کو ہرا دیا۔ فوٹو : آئی این پی

سرینا ولیمز نے اگنیسکا ریڈوانسکا کا بھی جینا دوبھر کردیا، امریکی اسٹارنے یکطرفہ مقابلے میں فتح سے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق ٹینس کورٹس پر سپر گرل سرینا ولیمز کا تاریخی مارچ جاری ہے، انھوں نے آسٹریلین اوپن کے پہلے سیمی فائنل میں پولینڈکی 4 سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو 6-0 اور 6-4 سے شکست دے کر کیریئر کے 26 ویں بڑے فائنل میں جگہ بنالی، سرینا کا پہلا سیٹ بالکل بے عیب رہا جس میں انھوں نے ریڈوانسکا کی ایک نہ چلنے دی۔ اس شاندار کامیابی کے بعد اب ماضی کی عظیم جرمن پلیئر اسٹیفی گراف کا ریکارڈ ان سے ایک قدم کی دوری پر رہ گیا ہے، اوپن ایرا میں اسٹیفی نے سب سے زیادہ 22 مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹلز اپنے نام کیے، ہفتے کو فائنل جیت کر سرینا انکے ہمسر ہوجائینگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق جرمن اسٹار کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے سرینا کو جرمنی سے ہی تعلق رکھنے والی اینجلک کیربر کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کی جوہانا کونٹا کو 7-5 اور 6-2 سے مات دی، جوہانا نے اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 برس میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والی پہلی برطانوی خاتون پلیئر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اینجلک بھی 33 کوششوں میں پہلی بار کسی گرینڈ سلم فائنل میں جگہ بنا پائی ہیں، آخری مرتبہ 1996 میں جرمنی کی اینک ہوبر نے فائنل کھیلا تھا جب انھیں مونیکا سیلس کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

اسٹیفی گراف آخری مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے والی جرمن خاتون پلیئر تھیں جنھوں نے 1994 میں اپنا چوتھا اور آخری آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتا۔ادھر پہلے مینز سیمی فائنل میں سربیا کے نووک جوکووک نے راجر فیڈرر کو 6-1، 6-2، 3-6 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی،ان کا مقابلہ جمعے کو اینڈی مرے اور میلوس راؤنک کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں