یہ منہگے منہگے گانے

بولی وڈ فلموں کے وہ گانے، جو بھاری لاگت سے بنائے گئے


نرگس ارشد رضا January 31, 2016
بولی وڈ فلموں کے وہ گانے، جو بھاری لاگت سے بنائے گئے ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: فلم تفریح کا ایک ایسا ذریعہ ہے جسے ہر کوئی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ سنیما اسکرین پر فلم دیکھنے کا جو مزہ ہے وہ کسی بھی اور چیز میں نہیں ایک اچھی فلم وہ ہی ہوتی ہے جو فلم بینوں کو سنیما ہالز تک لے آئے اس لیے ہر فلم ساز اپنی فلم میں کچھ نہ کچھ انوکھا اور منفرد کرنے کا رسک ضرور لیتا ہے۔

یہ انفرادیت کبھی بیرون ممالک خوب صورت لوکیشنز کی صور ت میں ملتی ہے تو کبھی ایکشن کے جان دار مناظر کو سامنے لے آتی ہے تو کبھی کرداروں کا گیٹ اپ ، تو کبھی گانوں کی شاعری کے بول عجیب وغریب اسم کے سننے کو ملتے ہیں۔ بالکل اسی طرح گانے، جو پاک وہند کی فلموں کا لازمی عنصر تصور کیے جاتے ہیں اور ان کے بغیر کوئی بھی فلم ادھوری اور نامکمل سمجھی جاتی ہے۔

ان کو بھی انوکھے اور الگ انداز میں فلمانے کی کوشش کی جاتی ہے اور اس ضمن میں بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی فلم کے گانوں پر ہی اتنا خرچہ آجاتا ہے کہ پوری فلم کے مجموعی بجٹ سے تین چار گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔ کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ فلم ساز پوری فلم میں کوئی ایک گانا ایسا رکھتا ہے جس کی تیاری میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ بولی وڈ کی فلموں میں شامل کچھ ایسے گانے جو اپنے سیٹ، لوکیشن، میک اپ، لباس، ڈیزائننگ اور پکچرائزنگ کی مناسبت سے منہگے ترین تصور کیے جاتے ہیں:

مغل اعظم: 1960کی دہائی میں کے آصف کی سپر ہٹ فلم مغل اعظم جس کی کاسٹ میں دلیپ کمار، مدھو بالا اور پرتھوی راج کپور شامل تھے، انڈین سنیما کی تاریخ میں ایک لازوال اور یاد گار فلم کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس فلم نے کئی ریکارڈ قائم کیے کئی فیشن رجحانات کو جنم دیا اور فلم کے تمام کرداروں کو وہ شہرت عطا کی جس کا ڈنکا آج تک بج رہا ہے۔ فلم میں مجموعی طور پر بارہ گانے تھے اور تمام ایک سے بڑھ کر ایک تھے۔ یہ تمام گانے غیرمعمولی طور پر منہگے اور قیمتی ترین تھے۔

اس کے علاوہ ہر گانے میں لباس اور زیورات کے اوپر بھی دل کھول کر پیسہ خرچ کیا گیا تھا۔ اس لیے فلم نے اپنی لاگت سے دگنا کمایا تھا۔ مغل اعظم کا معرکتہ الآرا گانا پیار کیا تو ڈرنا کیا، فلم کا سب سے منہگا گانا تھا۔ اس وقت یہ گانا لاکھوں روپے خرچ کرکے فلمایا گیا تھا، جو آج کے ایک کروڑ روپے کے برابر سمجھا جاتا ہے۔ کہا جاتا رہا ہے کہ اس گانے میں لاکھوں شیشوں اور اصل ہیرے کا استعمال کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر اس فلم کا ٹوٹل بجٹ ڈیڑھ کروڑ تھا۔ اس گانے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اسے دوبارہ کلر میں بھی شوٹ کیا گیا۔

دیوداس: سنجے لیلا بنسالی کی اس فلم کو بولی وڈ کی منہگی ترین فلم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ دیو داس اس سے پہلے بھی بنائی جائی جاچکی تھی، جس میں دلیپ کمار اور وجنتی مالا نے مرکزی رول کیے تھے۔ سنجے نے اس پرانی فلم کو نئے آئیڈیے میں ڈھالا اور دیوداس کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ بولی وڈ کی سب سے خوب صورت اداکاراؤں مادھوری ڈکشٹ اور ایشوریا رائے کو کاسٹ کیا۔ مجموعی طور پر فلم کے ہر منظر پر بے حد محنت کی گئی اور بہت پیسہ بھی خرچ کیا گیا۔

پوری فلم کا سیٹ انتہائی متاثرکن تھا، جب کہ ڈریس ڈیزائننگ اور زیورات کی تو بات ہی الگ ہے۔ فلم کے صرف چھے سیٹ کی لاگت بیس کروڑ جب کہ پوری فلم کا بجٹ پچاس کروڑ سے بھی زیادہ کا بتا یا جاتا ہے۔ فلم کے ایک گانے ڈولا رے ڈولا، جس میں مادھوری اور ایشوریا نے پرفارم کیا تھا، فلم کا سب سے منہگا گانا ہے۔ صرف اس گانے کی تیاری پر پانچ کروڑ روپے صرف کیے گئے تھے۔ 2002میں ریلیز ہونے والی دیوداس کام یاب فلم تھی۔

دھوم 3: یش راج بینر تلے بنائی جانے والی فلم دھوم تھری اس کی پچھلی دو فلموں کا سیکوئل تھی۔ فلم کی کاسٹ میں عامرخان کے ساتھ کترینہ کیف کو پہلی بار کاسٹ کیا گیا تھا۔ فلم کی تیاری پر بہت پیسہ خرچ کیا گیا۔ یہ بھی سنا گیا کہ عامر خان نے فلم میں اپنے اسٹنٹ خود ہی کیے تھے۔ خوب صورت لوکیشن اور مناظر سے بھرپور اپنے فلم بینوں پر وہ تاثر قائم نہ کرسکی، جو اس سے پہلے دھوم اور دھوم ٹو کرچکی تھیں۔

فلم کا ایک گانا ملنگ ملنگ جو کہ عامر اور کترینہ پر شوٹ کیا گیا تھا، فلم کا سب سے منہگا گانا شمار کیا جاتا ہے۔ اس گانے کے لیے 200جمناسٹک ڈانسرز کا ایک گروپ امریکا سے بلوایا گیا تھا جس نے عامر اور کترینہ کی اس ڈانس کے لیے بیس دنوں تک ٹریننگ کی۔ اس کے علاوہ ملنگ گانے کے لیے کاسٹیومز بھی امریکا سے بنوائے گئے تھے۔ اس گانے پر ساڑھے پانچ کروڑ سے بھی زیادہ خرچ کیا گیا تھا۔

باس: فلم باس کے لیے اب تک کی فلموں کی مناسبت سے سب سے منہگا آئٹم سونگ فلمایا گیا۔ یہ پارٹی آل نائٹ کا سانگ سوناکشی سنہا اور اکشے کمار پر پکچرائز کیا گیا تھا۔ گانے کا مجموعی تخمینہ چھ کروڑ ہے اور اس کے کوریوگرافر سمیت دت اور راجو خان تھے۔ اس گانے کو یویو اور ہنی سنگھ نے گایا اور اس میں بیک گراؤنڈ ڈانس کے لیے چھ سو غیرملکی ڈانسرز پر مبنی ایک گروپ کو ہائر کیا گیا تھا۔ آدھے گانے کی شوٹنگ بنکاک کے ایک پب میں کی گئی تھی۔

گول مال ریٹرن: ڈائریکٹر روہیت شیٹھی کی گول مال سیریز کی فلم گول مال ریٹرن کا ایک گانا ٹھا کر کے فلم کا سب سے منہگا گانا کہلاتا ہے۔ یہ گانا فلم کی پوری کاسٹ پر فلمایا گیا تھا، جس میں کرینہ کپور، اجے دیوگن، ارشد وارثی وغیرہ شامل تھے۔ روہیت شیٹھی نے ٹھا کر کے، کے لیے تقریبا ایک ہزار بیک گراؤنڈ ڈانسرز، دس گاڑیاں اور ایک سو ساٹھ فائٹرز کو ہائر کیا تھا۔ اس گانے کی ممبئی میں ایک مقام پر بارہ دن میں شوٹنگ مکمل کی گئی تھی۔ گانے کی لاگت ساڑھے تین کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ یہ فلم کے ٹوٹل بجٹ کا چوتھا حصہ تھا۔ گول مال ریٹرن روہیت شیھٹی کی پچھلی فلموں کی طرح ہٹ نہ ہو سکی۔ البتہ اس نے اوسط درجے کی کام یابی ضرور حاصل کی۔

ہمپٹی شرما کی دلہنیا: اس فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر اور شاشانک کیٹھان Shashank Khaitan ڈائریکٹر تھے۔ فلم کی کاسٹ میں ورودھون، عالیہ بھٹ اور سدھارتھ کھوسلہ شامل تھے۔

یہ فلم گو کہ زیادہ کام یابی حا صل نہیں کرپائی، لیکن فلم کے گانوں اور ورو دھون کی اداکاری کو خاصا پسند کیا گیا تھا۔ اس فلم کا ایک گانا جسے سب سے زیادہ منہگا گانا ہونے کا اعزاز حاصل ہے، وہ سیٹرڈے سیٹرڈے تھا۔ یہ گانا فلم سٹی اسٹوڈیو میں فلمایا گیا تھا اور اس کے لیے انتہائی بیش قیمت سیٹ لگائے گئے تھے۔ گانے کے کُل اخراجات تقریباً تین کروڑ تک بتائے جاتے ہیں۔

تیور: اس فلم کے پروڈیوسر بونی کپور اور سنجے کپور اور ہدایت کار امیت شرما ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں ارجن کپور، سوناکشی سنہا اور منوج باجپائی شامل ہیں۔ بونی کپور کی بہ حیثیت پروڈیوسر ارجن (بیٹا) کے ساتھ پہلی فلم تھی۔

یہ فلم کام یاب نہ ہوسکی۔ کہا جاتا ہے کہ اس کے اسکرپٹ اور کہانی میں بالکل دم نہ تھا۔ یہ کہانی کبڈی کے ایک کھلاڑی کے گرد گھومتی ہے جسے اپنے کھیل سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور وہ ایک ایسی لڑکی کی زندگی کو بچا تا ہے جو اپنی مرضی کے خلاف شادی ہونے پر گھر سے بھاگ جاتی ہے۔ رادھا ناچے گی اس فلم کا سب سے منہگا گانا ہے، جس کی تیاری پر تقریباً ڈھائی کروڑ کے اخراجات ہوئے۔ اس گانے میں سوناکشی کے پہنے گئے لنہگے کی قیمت ہی 75لاکھ تھی۔

ہم شکل: ایک بہت بڑی کاسٹ پر مبنی ڈائریکٹر ساجد خان کی یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ فلم کی کہانی اور ہر ایک کی بے جان اداکاری نے فلم کی ناکامی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ فلم میں تین ہیروز کے اتنے سارے ہم شکل بنا کر ڈائریکٹر کی ہر کردار پر سے گرفت ڈھیلی پڑگئی۔

ہم شکل کی کاسٹ میں بپاشا باسو، سیف علی خان، رتیش دیکھ مکھ، تمنا بھاٹیہ، رام کپور اور ایشا گپتا شامل تھے۔ ساجد خان نے فلم میں ہر وہ عنصر شامل کرنے کی کوشش کی جس سے فلم ہٹ ہوسکے، مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔ فلم کے ایک گانے پیا کے بازار، جو کہ پوری کاسٹ پر فلمایا گیا تھا، پر بے انتہا پیسہ خرچ کیا گیا۔ اس گانے میں پانچ سو بیک گراؤنڈ ڈانسرز شامل تھے، جب کہ اس کا سیٹ بھی انتہائی قیمتی اور دیدہ زیب تھا۔ پیا کے بازار گانے کی تیاری پر دو کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔

ڈبل دھمال: فلم دھمال کا سیکوئل ڈبل دھمال کے نام سے بنایا گیا، جس کی کاسٹ میں سنجے دت، ارشد وارثی، رتش دیکھ مکھ اور ملائکہ شیراوت شامل تھیں۔ فلم پہلے جیسی کام یابی حاصل نہ کرسکی۔ ڈبل دھمال میں ایک آئٹم سونگ جو کہ ملائکہ شیراوت پر فلمایا گیا تھا کی تیاری پر مجموعی پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں