ڈین جونز جزوقتی پاکستانی بیٹنگ کوچ بننے کے خواہاں

ذمہ داری کیلیے باقاعدہ طور پر پی سی بی کو درخواست نہیں دی، سابق آسٹریلوی اسٹار

ذمہ داری کیلیے باقاعدہ طور پر پی سی بی کو درخواست نہیں دی، سابق آسٹریلوی اسٹار فوٹو : اے ایف پی

سابق آسٹریلوی بیٹسمین ڈین جونز نے پاکستان کا جزوقتی بیٹنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی۔


ان کا کہنا ہے کہ اس ذمہ داری کیلیے باقاعدہ طور پر پی سی بی کودرخواست نہیں دی، میں پاکستانی بیٹسمینوں کی مدد کرنے میں دلچسپی تو رکھتا ہوں مگر فل ٹائم بنیاد پر کام کرنا میرے لیے ممکن نہیں، فی الحال میں سائوتھ آسٹریلیا کا بیٹنگ کوچ ہونے کے ساتھ اپنے ملک میں کئی دیگر پلیئرز کی بھی مدد کررہا ہوں، اس کے ساتھ میرے پاس بنگلہ دیش اور سری لنکا پریمیئر لیگز کی ذمہ داریاں ہیں،آئی پی ایل میں بھی جلد جاب ملنے کا امکان ہے۔

اس صورتحال میں فل ٹائم جاب کیلیے وقت نکالنا میرے لیے ممکن نہیں ہے، جہاں تک میری معلومات ہیں پی سی بی کو فل ٹائم بیٹنگ کوچ چاہیے۔ جونز نے کہا کہ سری لنکا پریمیئر لیگ میں بھی کئی پاکستانی کرکٹرز نے مجھ سے مشورے کیے ، وہ کافی باصلاحیت ہیں، ویسے بھی میرے خیال میں پی سی بی کو ایسے بیٹنگ کوچ کی ضرورت نہیں جو ہر سیریز میں ٹیم کے ساتھ رہے،کوچ کو جو کام کرنا ہوتا ہے وہ سیریز سے پہلے کیا جاتا ہے ٹورز میں تو نیٹ پریکٹس کے دوران صرف گیند پھینکنے والے کی ہی ضرورت پڑتی ہے، سیریز کے اختتام پر پلیئرز کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کیا جاسکتا ہے کہ اسے کس کام میں بہتری کی ضرورت ہے۔
Load Next Story