ایم کیو ایم نے 9 رکنی سپریم کونسل قائم کردی

کونسل قائد تحریک کی عدم دستیابی کی صورت میں عوام کی رہنمائی کرے گی


Staff Reporter January 31, 2016
کونسل قائد تحریک کی عدم دستیابی کی صورت میں عوام کی رہنمائی کرے گی فوٹو: فائل

RAWALPINDI: متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا ایک اہم ہنگامہ اجلاس ہفتے کو قائد تحریک الطاف حسین کی صدارت میں لندن میں ہوا ، ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس میں سیاسی و تنظیمی معاملات ، لندن میں چلنے والے مقدمات اور مجموعی ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے قائم مقام کنوینر ندیم نصرت کو فوری طور پر رابطہ کمیٹی کا مستقل کنوینر بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور قائد تحریک الطاف حسین نے اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے ، اجلاس میں الطاف حسین نے ایک 9 رکنی سپریم کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا اور یہ سپریم کونسل کسی بھی قسم کی غیر معمولی صورتحال بشمول قائد تحریک کی فوری عدم دستیابی کی صورت میں رابطہ کمیٹی اور تحریک کے ذمہ داران و کارکنان اور عوام کی رہنمائی کریگی۔

اس 9 رکنی سپریم کونسل میں کنوینر ندیم نصرت ، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار ، بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم ، سینیٹر محترمہ نسرین جلیل ، کنور نوید ، رؤف صدیقی ، بابر خان غوری ، محترمہ کشور زہرہ اور افتخارحسین قریشی شامل ہیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ موجودہ رابطہ کمیٹی بدستور اسی طرح اپنے تنظیمی فرائض انجام دیتی رہے گی ۔

اجلاس میں تحریک کے تمام ذمے داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اس بات پر یقین رکھیں کہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں محروم عوام کے حقوق ، بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے حصول اور ملک میں انصاف کے نظام کے قیام کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا ، اس موقع پر قائد تحریک الطاف حسین نے تمام تنظیمی ذمہ داران و کارکنان کو تلقین کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری ، دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیتے رہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔