ٹاپ آرڈرکی ناکامی نے انگلینڈ کو تشویش میں مبتلا کردیا

ٹورمیچ میں 66 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں، جونی بیئراسٹو نے سنچری بنا کر شرمندگی سے بچایا۔


AFP/Sports Desk November 04, 2012
ممبئی اے سے سہ روزہ میچ کے پہلے دن انگلش بیٹسمین جونی بیئراسٹو شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی ناکامی نے انگلینڈ کو تشویش میں مبتلا کردیا، ممبئی اے کے اوسط درجے کے بولنگ اٹیک کیخلاف ٹیم66 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

ایسے میں جونی بیئراسٹو نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے شاندار سنچری بنا دی، یوں سہ روزہ میچ کے پہلے دن اسکور بورڈ پر6 وکٹ پر338 رنز درج ہوئے،سمت پٹیل کی عمدہ فارم برقرار رہی اور وہ ناقابل شکست 59 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی وائی پٹیل گرائونڈ ممبئی میں میزبان اے کیخلاف ٹاس جیتنے والے انگلینڈ کی بیٹنگ ابتدا میں بدترین تباہی کا شکار ہوئی، اینڈ ریو اسٹروس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم کو الیسٹر کک کے ساتھی اوپنر کی تلاش ہے، مگر دونوں نئے پلیئرز نک کامپٹن اور جوئے روٹ کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔

سابق ٹیسٹ اسٹار ڈینس کامپٹن کے پوتے نک صرف 1 رن بنا سکے، روٹ نے جوناتھن ٹروٹ کے ساتھ ففٹی شراکت بنائی مگر 28 رنز پر چلتے بنے،ان سے قبل جوناتھن ٹروٹ بھی اتنے ہی رنز بنا کر رخصت ہوئے جبکہ ای ین بیل کی اننگز4 رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، ایو مورگن اور بیئراسٹو نے پانچویں وکٹ کیلیے156 رنز جوڑ کر ٹیم کو مزید شرمندگی سے بچایا،مورگن 76 رنز پر آئوٹ ہوئے تو بیئراسٹو نے سمت پٹیل (59ناٹ آئوٹ) کے ساتھ107 رنز کی شراکت بنا دی،ان کی اننگز کا 118پر اختتام ہوا۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پٹیل59 اورکپتان اسٹورٹ براڈ6رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، وینگنکر اور جاوید خان نے 2،2 وکٹیں لیں۔ یاد رہے مہمان ٹیم نے الیسٹر کک اور کیون پیٹرسن کو آرام کا موقع دیا جبکہ ممبئی کی ٹیم میں وہ پلیئرز شامل ہیں جو رنجی ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچ کے لیے منتخب نہ ہو سکے۔انگلش ٹیم اس میچ کے بعد احمد آباد میں 8 سے 11 نومبر تک ہریانہ سے مقابلہ کرے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں