نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کرسیریز بھی اپنے نام کرلی

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے 84، گپٹل نے 82 اور اینڈرسن نے 35 رنز کی اننگز کھیلیں۔


ویب ڈیسک January 31, 2016
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ نے ایڈن پارک آکلیند میں بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت دیا گیا 263 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں پورا کیا۔ پاکستان کے 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے 35.3 اوورزمیں 210 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، جب خراب موسم کے باعث میچ روکا گیا تو کیویز کو جیت کے لئے 87 گیندوں پر 81 رنز درکار تھے لیکن ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے مطابق بارش سے متاثرہ میچ کو 43 اوورز تک محدود کردیا گیا اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 45 گیندوں پر 53 رنز کا ہدف ملا۔

بلیک کیپس کی جانب سے برینڈن میک کولم اور مارٹن گپٹل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں عامر نے میک کولم کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد گپٹل اور ولیمسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 165 رنز تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 159 رنز کی شراکت ہوئی، گپٹل 82 رنز بنا کر اظہر علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کین ولیمسن بھی 84 رنز بنا کر اظہر علی ہی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عامر نے 5 رنز پر ہنری نکولس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جب کہ گرانٹ ایلیٹ 10 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو امپائر نے بارش کے باعث میچ روک دیا۔ 41 ویں اوور میں وہاب ریاض نے لیوک رونکی کو 20 رنز پر کلین بولڈ کیا۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 6 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر سینٹنر نے وہاب ریاض کو چوکا لگا کر ہدف کو انتہائی آسان بنا دیا، وباب ریاض نے اگلی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں دیا لیکن چوتھی گیند پر سینٹنر نے ایک اور چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیاب کرا دیا۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 47.3 اوور میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 20 رنز پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہو کر ڈریسنگ روم میں جا بیٹھے۔ اس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 134 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 154 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انجری کے باعث پہلے 2 ون ڈے میں شرکت نہ کرنے والے شعیب ملک نے 32 رنز اسکور کئے جب کہ بابر اعظم 83 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ سرفراز احمد نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 16 اور وہاب ریاض 11 رنز بنا سکے۔ کورے اینڈرسن 35 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے 2، 2 جب کہ کورے اینڈرسن اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 70 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جب کہ دوسرا میچ بارش کے باعث نہیں ہو سکا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں