پریزیڈنٹ ٹرافی فہد نے پی آئی اے کو بلند پرواز سے روک دیا

172پر آئوٹ، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے ففٹیز بنائیں، حبیب بینک کے پیسر کی 6 وکٹیں.


Sports Desk November 04, 2012
سوئی ناردرن گیس کیخلاف زیڈ ٹی بی ایل 99 رنزپر ڈھیر، سمیع نیازی اور عبدالرزاق 6،6 ،تنویر احمد 7 پلیئرز کو آئوٹ کرنے میں کامیاب، مصباح کی سنچری. فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں حبیب بینک کے فہد مسعود نے پی آئی اے کو بلند پرواز سے روک دیا۔

میڈیم پیسر نے 33 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کی اننگزکا172 پر اختتام کیا،28 رنز کے خسارے کا شکار ہونے والی ایئرلائنز کے شعیب ملک اور سرفراز احمد نے ففٹیز بنائیں، بینک نے دوسرے دن کا اختتام دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 33رنز بناکر کیا، یوں اس کی مجموعی سبقت 61 ہو گئی۔ واپڈا کیخلاف یوبی ایل کی ٹیم اننگز سے شکست کے دہانے پر پہنچ گئی،200 رنز کے خسارے میں جانے والی سائیڈ نے دوسری باری میں 81 پر 8 وکٹیں گنوا دیں،سوئی ناردرن نے زیڈ ٹی بی ایل کو 99 پر ڈھیر کرکے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 111 رنز بناکر پوزیشن کو مستحکم بنالیا، ٹیم کی مجموعی برتری 262 رنز ہوگئی۔

پورٹ قاسم کیخلاف نیشنل بینک ہدف کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے۔تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کے پانچویں رائونڈ کے چوتھے دن پی آئی اے اپنے بولرز کی عمدہ کارکردگی سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی، حبیب بینک کو 200 پر محدود کردینے والی ٹیم خود 58.5 اوورز میں 172 پر ڈھیرہوگئی، سابق قومی کپتان شعیب ملک نے سب سے زیادہ 56رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 53 کی اننگز کھیلی، رائٹ آرم میڈیم پیسر فہد مسعود نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 33رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

احسان عادل نے 2وکٹوں کیلیے 67رنز دیے،بینک نے دوسری اننگز میں 12.4 اوورز میں ایک وکٹ پر 33رنز بناکر اپنی مجموعی سبقت 61کرلی۔واپڈا نے یوبی ایل کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا، واپڈا نے پہلی اننگز 321 پر تمام کرتے ہوئے حریف پر 200رنز کی سبقت پائی، کلیم احمد70رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، علی عظمت نے 37رنز اسکور کیے، رومان رئیس نے 4 اور ارشاد نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پہلی باری میں 121 پر ڈھیر ہونے والی یوبی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 23 اوورز میں 81 پر 8 وکٹیں کھوبیٹھی، علی اسد نے 36رنز بنائے، جنیدخان ، اظہر عطاری اور ذوالفقار بابر نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔سوئی ناردرن گیس کے سمیع اللہ نیازی نے 6وکٹیں لے کر زرعی ترقیاتی بینک کو99 تک محدود کردیا،زوہیب خان 21رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے۔

بلاول بھٹی اور اسد علی نے2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سوئی ناردرن نے پہلی اننگز 250 پر تمام کی، مصباح الحق 110رنز بناکر نمایاں رہے، عبدالرزاق نے 74رنز کے عوض 6 شکار کیے، ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 111رنز بناکر مجموعی سبقت 262 تک پہنچا دی، توفیق عمر67رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود اور اظہرعلی37 پرناٹ آئوٹ ہیں۔پورٹ قاسم کیخلاف فتح کیلیے 211 کا ہدف پانے والی نیشنل بینک کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 2وکٹ پر 80رنز جوڑ لیے، سمیع اسلم30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس سے قبل بینک کی ٹیم پہلی باری میں 117 پر آئوٹ ہوئی، تنویر احمد نے 41رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں، پورٹ قاسم کی ٹیم بھی دوسری باری میں 177 رنز بناسکی، دانیال احسن 45 اور عمرامین42رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے، عمید آصف نے 55رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عمران خان نے 3وکٹیں لے کر میچ میں اپنے شکاروں کی تعداد 9 کرلی۔کے آر ایل کے ٹوٹل311کے جواب میں اسٹیٹ بینک نے 8وکٹ پر 114رنز جوڑ لیے، عثمان ارشد نے36رنز اسکور کیے، نعمان علی نے 4وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں