باچا خان یونیورسٹی کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ

وفاقی اورصوبائی حکومت نے سانحے کے بعد کوئی امداد نہیں دی، ترجمان چارسدہ یونیورسٹی


ویب ڈیسک February 01, 2016
ہمارے غیر تربیت یافتہ گارڈز نے ٹرینڈ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، ترجمان باچا خان یونیورسٹی۔ فوٹو: فائل

باچا خان یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طالب علموں کی سیکیورٹی کے پیش نظر تاحکم ثانی جامعہ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت میں۔ اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کو تاحال مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک یونیورسٹی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم نہیں کر دی جاتی اور طالبعلموں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہیں بنا دیا جاتا تو اس وقت تک جامعہ نہیں کھولی جائے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈز کو باقاعدہ ٹریننگ فراہم کی جائے۔ اجلاس کے دوران وائس چانسلر اور سیکیورٹی حکام کو برطرف کرنے کے معاملے پر بتایا گیا کہ چونکہ ابھی تک برطرفی کے معاملات صرف اخبارات کی حد تک ہیں جب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ تحریری طور پر خط لکھا گیا تو اس معاملے پر بھی بحث کی جائے گی۔

رجسٹرار باچا خان یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی باؤنڈری وال کو بڑھانے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے جو میسر نہیں ہیں، باؤنڈری وال کو بنانے کے لئے ہائیرایجوکیشن کمیشن کو کئی بار کہا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا اب تک جتنے بھی واقعے ہوئے ہیں اس طرح کا ردعمل نہیں آیا، وائس چانسلر کے پاس بھی اختیارات نہیں کہ وہ کسی کو ملازمت دے، میٹنگ ملازمت دینے کے لئے نہیں بلائی گئی، ہم وائس چانسلر کے ساتھ ہیں۔

باچاخان یونی ورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اورصوبائی حکومت نے سانحے کے بعد کوئی امداد نہیں دی، پاک فوج کے علاوہ کسی بھی سیکیورٹی ادارے میں دہشت گردوں سے مقابلے کی تربیت فراہم نہیں کی جاتی لیکن اس کے باوجود ہمارے غیر تربیت یافتہ گارڈز نے ٹرینڈ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

ترجمان باچا خان یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں یونیورسٹی کی حفاظت کیلئے فری اسلحہ لائسنس دیا جائے، خوشحال خان یونیورسٹی جیسے پیکیج ہماری یونیورٹی کو بھی دیئے جائیں، یہ مشکل ہی علاقہ ہے یہاں پہنچنے میں طالب علموں کو بہت مشکل پیش آتی ہے اس لئے حکومت یونیورسٹی میں 3 سال کے لئے فری ایجوکیشن کی پالیسی بنائے، اس کے علاوہ طلبہ کے اعتماد کو بڑھانے کیلئے بھی پالیسی بنائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں