امریکا میں مصنوعی گھاس والے فٹبال کے میدان کینسر کا باعث بننے لگے

فٹبال کی پچز زیادہ تر پرانے ٹائروں سے بنائی جاتی ہیں جن میں زہریلے کیمیکل لیڈ، بینزین اور آسینک پائے جاتے ہیں۔


ویب ڈیسک February 01, 2016
فٹبال کی پچز زیادہ تر پرانے ٹائروں سے بنائی جاتی ہیں جن میں زہریلے کیمیکل لیڈ، بینزین اور آسینک پائے جاتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

فٹبال کے میدان کو خوبصورت اور دلکش دکھانے کے لیے استعمال کی جانے والی مصنوعی گھاس انسانی زندگی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہیں اس لیے ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں مصنوعی گھاس سے بنائے جانے والے گراؤنڈز کی پچز کینسر کا باعث بن رہی ہیں جب کہ ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیٹی اسی گھاس سے کینسر میں مبتلا ہوکر جان کی بازی ہار چکی ہے۔

امریکی میڈیا میں میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں فٹبال کی پچز زیادہ تر پرانے ٹائروں سے بنائی جاتی ہیں جن میں زہریلے کیمیکل لیڈ، بینزین اور آسینک پائے جاتے ہیں اور جب کھلاڑی اس پر گرتا ہے یا پھر زخمی ہوتا ہے تو یہ اجزا اس کے جسم میں داخل ہوکر کینسر کا باعث بنتے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق کئی خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کی فیمیلی کے کھلاڑی ان پچز پر کھیلنے کے بعد کینسر کا شکار ہوگئے اس لیے اس کی فوری تحقیقات کی جائیں۔

رپورٹ کے مطابق کئی بڑے کلبس جنہوں نے حال ہی میں 3 جی پچز لگانے کا دعویٰ کیا ہے انہوں نے اس رپورٹ کے بعد فوری طور ہر فیفا سے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کریں۔ میدان پر لگائی جانے والی مصنوعی گھاس کو عام طور پر کرمب ربر ٹرف کہا جاتا ہے اور اسے ہزاروں اسکولز، پارکوں اور فٹبال کے میدانوں میں لگایا جاتا ہے جب کہ اسے نائلون اور ٹائروں سے بنایا جاتا ہے۔

ایک خاتون کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی بیٹی ایسے ہی میدان پر کھیلنے کے باعث کینسر کا شکار ہوئی اور صرف 25 سال کی عمر میں واشنگٹن کے اسپتال میں دم توڑ گئی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ یہ کتنا خوفناک ہے کہ جس کھیل سے آپ محبت کرتے ہیں وہی آپ کے لیے جان لیوا بن جائے جب کہ ایک تحقیق کار کا کہنا ہے کہ اس نے تحقیق کے دوران ایسے 158 کیسز کا مشاہدہ کیا ہے جس میں کھلاڑی ان مصنوعی پچز پر کھیلنے کی وجہ سے کینسر کا شکار ہوئے۔ ان پچز کو بنانے والوں کا کہنا ہے کہ پچز کے صحت پر اثرات سے متعلق کی گئی 50 سے زائد تحقیقات میں اس کا براہ راست کسی بیماری سے تعلق کو مسترد کردیا تھا۔

دوسری جانب فیفا ترجمان کے مطابق رپورٹ میں ان ٹرف کی وجہ سے کینسر ہوجانے کے ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے گئے اس لیے فی الحال اس پر کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں