چوہدری نثار کا وزیراعلیٰ سندھ کو فون رینجرز اختیارات میں توسیع پر بات چیت

رینجرز اختیارات پر باہمی مشاورت سے نوٹی فکیشن جاری ہونے سے کراچی آپریشن پر ایک مثبت پیغام جائے گا، چوہدری نثار

رینجرز اختیارات پر باہمی مشاورت سے نوٹی فکیشن جاری ہونے سے کراچی آپریشن پر ایک مثبت پیغام جائے گا، چوہدری نثار، فوٹو؛ فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے سندھ میں رینجرز کے اختیارات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے معاملے پر باہمی مشاورت سے کراچی آپریشن پر مثبت پیغام جائے گا۔


اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پرچوہدری نثارکا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرزکے انسداد دہشت گردی کے لیے خصوصی اختیارات کی مدت چندروزمیں ختم ہورہی ہے لہٰذا بہتر ہے کہ باہمی مشاورت سے نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے تاکہ کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے۔

چوہدری نثار سے ٹیلیفون پر گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات میں توسیع کی ریکوزیشن کل وفاقی حکومت کو بھیجیں گے اور اس ریکوزیشن کے الفاظ سے بھی بہتر پیغام جائےگا جب کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے چوہدری نثار کو کراچی آنے کی بھی دعوت دی جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے جس میں صوبائی حکومت کے تحفظات دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
Load Next Story