بونیر خودکش حملہ امن لشکر کے سربراہ سمیت 6جاں بحق پشاور اور صوابی میں5دھماکے

سربراہ امن لشکر سعیداحمداپنے پٹرول پمپ سے نکلے توبمباران کی کارسے ٹکراگیا،جاں بحق افرادمیں2محافظ اور دو راہگیر


News Agencies/Numaindgan Express November 04, 2012
بونیر : امن لشکر کے سربراہ پر خودکش حملے میں تباہ شدہ گاڑی اور موٹر سائیکل جائے وقوع پر موجود ہے۔ فوٹو: آئی این پی

لاہور: امن لشکر کے سربراہ اورصدارتی امن ایوارڈ یافتہ سعیداحمدخان عرف فاتح خان خود کش حملے میں2سیکیورٹی گارڈزاور2راہگیروں سمیت جاں بحق جبکہ7 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔امن لشکر کے سربراہ اور صدارتی ایوارڈ یافتہ سعیدخان عرف فاتح خان ہفتے کواپنے پٹرول پمپ سے نکل کر کہیں جارہے تھے جونہی ان کی گاڑی روانہ ہوئی،22سالہ خود کش حملہ آور نے خود کو ان کی گاڑی سے ٹکرادیا جس کے نتیجے میں سعیدخان ان کے2محافظ مومن خان،سلطان اور2راہگیرمحمدصالح اورسردارموقع پر جاں بحق ہوگئے۔سعید احمدخان عرف فاتح خان اپریل 2009میں بونیرمیں طالبان کے خلاف لشکرکشی کرنے والے لشکرکے سربراہ،قومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنما اور صدارتی ایوارڈیافتہ تھے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی اوراے این پی کے صوبائی صدرافراسیاب خٹک اوروزیراطلاعات میاں افتخار حسین کی نوشہرہ آمدسے آدھ گھنٹے پہلے نوشہرہ کلاں کی حدودمیں جی ٹی روڈ ونڑکے مقام پر دو طرفہ سڑک کے درمیان 5کلو وزنی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا، وزیراعلیٰ امیرحیدرہوتی،افراسیاب خٹک اوروزیر اطلاعات میاں افتخارحسین کو ہفتے کے روزنوشہرہ میں تقریب میں شرکت کیلیے آناتھا۔ تقریب میں شرکت کامقررہ وقت10بجے تھا لیکن نو اوردس بجے کے درمیان نوشہرہ کلاں پولیس اسٹیشن کی حدود میں جی ٹی روڈپرسڑک کے کنارے نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے نصب کردہ 5کلووزنی دھماکاخیز موادبمعہ بال بیرنگ ٹائم بم اطلاع ملنے پرناکارہ بنادیا گیا۔

ادھرسرکاری ذرائع کے مطابق ہفتے کوصدر مقام واناسے دور 25 کلومیٹر کے فاصلے پر مشرق میں پاکستان ہوٹل کے قریب گومل زام روڈ پرنامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب کیے گئے مزید2آئی ڈی بم بھی ناکارہ بنادیے گئے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے بونیرکے علاقے ڈگرمیں امن لشکرکے مقامی رہنمافتح خان پر باہرخودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذ مت کی ہے اوراسے بزدلانہ کارروائی قرار دیاہے۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے خودکش بم دھماکے میں امن لشکرکے فتح خان اوران کے محافظوںکی شہادت پرسوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااورانہیں صبرکی تلقین کی۔

انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم ہراس جماعت کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتی ہے جودہشت گردی کے خلاف ہے۔چیئرمین،ڈپٹی چیئرمین اورقائد ایوان سینیٹ نے بونیرخودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرداپنی مذموم کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے،پوری قوم مل کرانھیں شکست دے گی۔قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمدخان شیرپائواورصوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے بونیربم دھماکے میں پارٹی رہنمافاتح خان کی ساتھیوں سمیت جاں بحق ہونے پرشدیدرنج و غم اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے اس کی شدیدمذمت کی ہے۔ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنمائوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات اورملوث عناصرکوکیفرکردارتک پہنچانے کاپرزورمطالبہ کیاہے۔ بی بی سی کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجا پرویز اشرف ، چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی، اسفندیار ولی، عمران خان، منورحسن ، گورنر و وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور دیگر رہنمائوں نے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ادھر پشاور کے مضافاتی علاقہ وڈپگہ کے مقام پر ایک گھر میں دھماکے سے ایک شخص عمران جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق دھماکا اسلحے کے گودام میں گولہ پھٹنے سے ہوا ، ہلاک ہونیوالا شخص گودام کے مالک کا بیٹا ہے، گھر سے سیکڑوں کلو بارودی مواد اور مارٹر گولے برآمد کرکے ناکارہ بنادیے گئے ۔ چمکنی میں پھندو زیارت کے قریب دھماکے سے مزار کی دیواروں کو نقصان پہنچا۔ صوابی میں نجی کالج کے باہر 3 دھماکے ہوئے جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا ، ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔نوشہرہ میں وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے دورہ سے آدھا گھنٹہ قبل جی ٹی روڈ پر 5 کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا گیا۔

خیبرایجنسی کے علاقہ بازگرہ اور سورند میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 شدت پسند ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، باڑہ کمر خیل اور سپاہ میں سرچ آپریشن کے دوران 207 افراد کو گرفتار کرکے 500 بوری منشیات برآمد کرلی ، سیکیورٹی فورسز نے منشیات کی 8 دکانوں کو مسمار کردیا، کرفیو کی خلاف ورزی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |