کراچی طالبان کا گڑھ بن چکا عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرینگے رحمن ملک

اصغر خان کیس کا تفصیلی فیصلہ آتے ہی ایف آئی اے تحقیقات شروع کرے گی، نوازشریف نے اعتمادکر کے سیاسی فیصلہ کیا.

احسان اللہ احسان کی گرفتاری کے قریب پہنچ چکے، ملالہ حملہ میں پیشرفت ہوگی، گفتگو، ندیم افضل کے والدکی عیادت کی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے کہاہے کہ اصغرخان کیس میں اگر عدالت رقوم لینے والوںکی گرفتاری کا حکم دیتی توانھیں فوراً گرفتار کر لیا جاتا مگر عدالت نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

تفصیلی فیصلہ آتے ہی ایف آئی اے تحقیقات شروع کردیگی،کراچی طالبان کا گڑھ بن چکا ہے،کراچی امن وامان کیس میںسپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمدکریں گے۔ وہ پمز اسپتال میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین ندیم افضل چن کے والدکی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔

چیئرمین سینیٹ نیئربخاری نے بھی ان کی عیادت کی۔ وزیرداخلہ نے ملالہ کی ساتھی طالبات کائنات اورشازیہ کی جرات پر انھیں ستارۂ شجاعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ملالہ یوسفزئی پر حملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں تاہم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی گرفتاری تک کوئی چیز سامنے نہیںلائی جائے گی اور اس کی گرفتاری کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، ملالہ کی مکمل صحت یابی تک اس کے اہلخانہ برطانیہ میںقیام کریںگے، انھوںنے کہاکہ عدالتی فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائیگا، اصغرخان کیس کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، تفصیلی فیصلہ آتے ہی ایف آئی اے تحقیقات شروع کر دے گی۔


سپریم کورٹ کی تمام ہدایات اور احکام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلیے وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس بلا رہے ہیں، نوازشریف نے ایف آئی اے پر اعتماد کر کے سیاسی فیصلہ کیا ہے، اگرنوازشریف کو ایف آئی اے پراعتماد نہیں تو وہ پنجاب پولیس کوکوئی افسرنامزد کریں اسے ڈیپوٹیشن پر ایف آئی اے میںلے آئیں گے اور اصغرخان کیس کی تحقیقات اس سے کرائیں گے، تحقیقات میںاگر کسی فوجی جرنیل کیخلاف ثبوت ملے تواس کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی، انھوں نے کہاکہ کراچی امن وامان کیس میںعدالت کے فیصلے پرعمل کیا جائے گا اور عدالت کو وہ کچھ بھی دکھایا جائے گا جو ابھی تک صوبائی حکومتوں نے سامنے نہیں لایا۔

اگرعدلیہ کسی چیزکی نشاندہی کرے تو ایگزیکٹوکی ذمے داری ہے کہ وہ اس پر عمل کرے، انھوں نے کہاکہ کراچی میں طالبانائزیشن ہو رہی ہے کئی لوگوںکو خودکش جیکٹوںکیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا ہے، یہاں ان کے خاندان آباد ہیں لہذا وہ کراچی مسلسل آتے ہیں، قانون نافذکرنیوالے ادارے ان کیخلاف ایکشن لے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں سیکیورٹی کو بڑھایا جائے گا جبکہ غیرقانونی سمز بندکر دی جائیں گی، سیکیورٹی کے نئے ایس اوپیز بنائے جائیںگے۔ انھوںنے کہاکہ میرے بھائی خالد ملک کا وجیہہ نامی ایم پی اے سے کوئی جھگڑا نہیںہوا کچھ لوگ میرے بھائی کے نام پرمیری کردارکشی کرناچاہتے ہیں، جھگڑے کی خبر سنتے ہیں آئی جی اورایس ایس پی کو بھائی کی گرفتاری کا حکم دیدیا تھا تاہم انھوں نے کہاکہ وہ ملوث نہیںہے۔اے پی پی کے مطابق وزیر داخلہ کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں بلوچستان پولیس اور لیویز کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی گئی۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلوچستان میں تمام غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف فوری کارروائی کریں ، انھوں نے کہا کہ نئی راہداریاں جاری کرنیوالے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی بہتری کیلیے عوام 051-92111223-4 پر اپنی تجاویز دیں۔
Load Next Story