آئی سی ٹی کوپرائمری سے ہی لازمی کرناچاہتے ہیںانوشہ رحمن

مائیکروسافٹ پاکستان میں اس وقت 160 کے قریب تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے، جنرل منیجر مائیکروسافٹ پاکستان


Numainda Express February 02, 2016
مائیکروسافٹ پاکستان میں اس وقت 160 کے قریب تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے، جنرل منیجر مائیکروسافٹ پاکستان۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئی سی ٹی کو پرائمری اور سیکنڈری سطح سے ہی نصاب کا لازمی حصہ بنانا چاہتی ہے جس کے لیے باقاعدہ طور پر ایک ممبر آئی ٹی نصاب مرتب کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مائیکرو سافٹ کمپنی کے وفد سے ملاقات میں کیا، وفد کی قیادت جنرل منیجر مائیکروسافٹ پاکستان لیلیٰ سرحان کر رہی تھیں، اس موقع پر ممبر آئی ٹی سید رضا شاہ اور ممبر ایچ آر طاہر مشتاق بھی موجود تھے۔

انوشہ رحمن نے مائیکرو سافٹ سے بھی کہا کہ وہ اس نصاب سازی کے عمل میں معاونت کریں جس پر مائیکروسافٹ نے آمادگی کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے بیت المال کی غریب بچیوں کو آئی سی ٹی تربیت کے منصوبے ''آئی سی ٹی فار گرلز'' میں شراکت دار بننے اور معاہدے پر دستخط کرنے پر مائیکرو سافٹ کی تعریف کی۔ وفد کے شرکا نے وزیر مملکت کو آگاہ کیا کہ بیت المال کی ان بچیوں کی آئی سی ٹی تربیت رواں ماہ شروع کر دی جائے گی۔

لیلیٰ سرحان نے وزیر مملکت کو بتایا کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں اس وقت 160 کے قریب تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے اور اب پاکستان کے آئی ٹی شعبے میںبے مثال ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیاری سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے جارہا ہے۔انہوں نے پائیریسی، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا پروٹیکشن کے حوالے سے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ ہم ان تحفظات کے تدارک کے لیے کام کر رہے ہیں، سائبر کرائم بل جو اس وقت قانون سازی کے مراحل سے گزر رہا ہے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں ہماری پالیسی عنقریب منظرعام پر لائی جائے گی۔

لیلی سرحان نے وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ وہ آئی سی ٹی کے ذریعے معاشی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے پاکستان میں مائیکروسافٹ کے دائرہ کار کو بڑھائیں گے۔اے پی پی کے مطابق وزیرمملکت آئی ٹی نے ہایئر کے چیف ایگزیکٹو افسر ذیشان قریشی کی سربراہی میں وفد سے بھی ملاقات کی اور ہائیر کی جانب سے اپریل سے پاکستان میں اسمارٹ موبائل فونز کی تیاری کے منصوبے کا خیرمقدم کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں