ون ڈے رینکنگ نویں نمبر نے گلے لگانے کیلیے بانہیں پھیلا دیں

پاکستان کا ویسٹ انڈیز سے صرف 1پوائنٹ کا فرق رہ گیا جب کہ ساتویں درجے پر موجود بنگلہ دیش کی پوزیشن 10 پوائنٹس مضبوط ہے


Sports Desk February 02, 2016
 بیٹسمین رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 20 میں شامل نہیں، بولنگ میں عرفان کا دسواں نمبر برقرار فوٹو : فائل

ون ڈے رینکنگ میں نویں نمبر نے گرین شرٹس کو گلے لگانے کیلیے بانہیں پھیلادیں، ویسٹ انڈیز سے صرف ایک پوائنٹ کا فرق باقی رہ گیا، ساتویں نمبر پر موجود بنگلا دیش کی پوزیشن پورے 10 پوائنٹس مضبوط ہے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے پاس رینکنگ میں بہتری کا امکان موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 0-2 سے شکست کے بعد آٹھویں نمبر پر موجود پاکستان ٹیم کے پوائنٹس 87 نویں نمبر کی ٹیم ویسٹ انڈیز سے صرف ایک زیادہ ہیں،اس سے اوپر ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش اس وقت 97 پوائنٹس کا حامل ہے۔ گرین شرٹس کیلیے وقتی طور پر اچھی خبر یہ ہے کہ اسے اب اگلے چند ماہ مسلسل ٹی 20 کرکٹ کھیلنی ہے تاہم اس کے بعد بڑی ٹیموں کیخلاف مقابلے اسے مزید نیچے لے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جبکہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ میں ایک روزہ میچز سے ان ٹیموں کی رینکنگ اور پوائنٹس میں ردوبدل ہوگا۔ تیسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 112 اور وہ نمبر ون پوزیشن پر فائز آسٹریلیا سے 16 پوائنٹس کی دوری پر ہے، تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سے اس کے پوائنٹس 115 اور 2-1 سے سیریز جیتنے پر 114 ہوجائینگے، اگر کیویز وائٹ واش کا شکار ہوئے تو پھر انکے پوائنٹس 110 رہ جائینگے۔

سیریز میں 1-2 کی ناکامی سے دونوں ٹیموں کے مقابلوں سے قبل کی پوزیشن برقرار رہے گی۔ کلین سوئپ سے آسٹریلیا کے پوائنٹس 130 ہوجائینگے تاہم سیریز میں وائٹ واش شکست سے بھی اس کی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ اسی طرح چوتھے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ اور چھٹی پوزیشن کی حامل انگلش ٹیم پانچ میچز کی باہمی سیریز میں اچھی کارکردگی سے اپنی رینکنگ بہتر بناسکتی ہے۔

بیٹسمین رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 20 میں شامل نہیں، بولنگ میں عرفان کی دسویں پوزیشن برقرار ہے، وہاب ریاض کو 5 درجے تنزلی نے 47 ویں نمبر پر پہنچا دیا، آل راؤنڈرز میں حفیظ کا دوسرا نمبر ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔