پرویز مشرف کے دور میں اتنا ظلم نہیں تھا جتنا نواز شریف کےدور میں ہواعمران خان

وزیر اعظم نواز شریف کا دور جمہوری آمیرت کا دور ہے، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک February 02, 2016
6 فروری کو ہمارا احتجاج اسلام آباد کے ڈی چوک بھی پہنچ سکتا ہے، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے دور میں اتنا ظلم نہیں تھا جتنا نواز شریف کےدور میں ہوا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ پی آئی اے کے ملازمین پر گولیاں چلانے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ عوام پرگولیاں برسانا حکمرانوں کی پرانی عادت ہے، کراچی میں ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دہرائی گئی، پی آئی اے نے کئی ملکوں کی ائرلائنز بنانے میں مدد کی۔ پی آئی اے کی نجکاری سے پہلے انہوں نے دوسری ایئرلائنز کےلئے روٹ فراہم کئے، قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لئے حکومت نے جو بل پیش کیا گیا اس پر کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ نجکاری تب کامیاب ہوتی ہے جب ملک کے لوگوں کو فائدہ ہو، نجکاری کے حوالے سے حکمرانوں کا ماضی بہت خراب ہے، ان کے گزشتہ دور حکومت میں جس بینک اور سیمنٹ فیکٹریز کی نجکاری کی گئی، ان کی اگر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے تو یہ واضح ہوجائے گا کہ انہوں نے کس طرح اپنے منظورنظر لوگوں کو نوازا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق دور حکومت کو معاشی لحاظ سے مشکل ترین دور کہا جاتا تھا لیکن اس کے باوجود اس وقت ڈیزل پر 22 فیصد ٹیکس تھا لیکن اس وقت تجربے کار ہونے کی دعویدار مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے تو ڈیزل پر ٹیکس کی شرح 98 فیصد ہے۔ گیس پر 68 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ ایک جانب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادا جارہا ہے تو دوسری جانب بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو ٹیکسوں کی چھوٹ دی گئی ہے۔ اورنج ٹرین 200ارب روپے کا قرضہ لے کر بنارہے ہیں ،جن علاقوں میں پینے کا پانی نہیں وہاں ٹرین چلارہے ہیں ، ایک وزیر کا گھر بچانے کے لئے اورنج ٹرین کا روٹ کچی آبادی کی طرف کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دور میں اتنا ظلم نہیں تھا جو نواز شریف کےدور میں ہوا۔ یہ جمہوری آمریت کا دور ہے ، اس لئے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی غلط پالسییوں کے خلاف 6 فروری کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ یہ احتجاج اسلام آباد کے ڈی چوک بھی پہنچ سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |