عمران خان پی آئی اے کے ذریعے اپنی ’’کنٹینر ٹو‘‘ سیاست کا آغاز کرنا چاہتے ہیں پرویزرشید

پی آئی اے میں ہڑتال اور احتجاج تحریک انصاف کے پارٹنر کررہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک February 02, 2016
پی آئی اے میں ہڑتال اور احتجاج تحریک انصاف کے پارٹنر کررہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں ہڑتال اور احتجاج تحریک انصاف کے پارٹنر کررہے ہیں کیونکہ عمران خان کی ایک کنیٹیر سیاست کامیاب نہیں ہوئی اب وہ پی آئی اے کے ذریعے کنیٹینر 2 کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لازمی سروس ایکٹ ماضی کی حکومتوں نے بھی لاگو کیا، ذوالفقارعلی بھٹو نے اسینشل سروسز ایکٹ استعمال کیا اور 2010 میں آصف زرداری کے دوراقتدار میں بھی یہ ایکٹ استعمال کیا گیا تھا لیکن اب ہمیں اسی ایکٹ کے نفاذ پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں ہڑتال اور احتجاج تحریک انصاف کے پارٹنر کررہے ہیں کیونکہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کو 2 تین لاشیں ملیں جس پر احتجاج کیا جائے جب کہ ڈی چوک میں بھی لاشوں کی سیاست کرنے کی کوشش کی گئی تھی لہٰذا عمران خان کے پاس مثبت پروگرام نہیں اس لیے وہ بنی گالا میں بیٹھیں۔

 

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مجھ پر قتل کا مقدمہ پہلی بار نہیں ہوا، ایوب خان سمیت دیگر ڈکٹیٹرز نے بھی یہ خواہش پوری کی، ہم کسی عدالت سے نہیں بھاگے، جب بھی مقدمے بنے عدالتوں کا سامنا کیا اور سرخرو ہوکر نکلے تاہم عمران خان خان تو اپنے چندے کا حساب دینے سے بھی گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے میں رینجرز اور پولیس نے گولی چلانے سے انکار کردیا، پولیس نے مظاہرین کو گولی کے بجائے پانی سے منتشر کیا لیکن اب تفتیش کرنا ہوگی کہ کس نے یہ ظلم کیا کیونکہ یقیناً گولی اندر کے بندوں نے چلائی۔

پرویز رشید نے کہا کہ اس طرح کا حادثہ لاہور یا راولپنڈی میں کیوں نہیں ہوا، یہ واقعہ وہاں ہوا جہاں پر تحریک انصاف کے تمام لیڈرز موجود تھے، جلوس میں موجود لوگ ہزاروں کلومیٹر دور بیٹھے ہیں جب کہ الزام اسلام آباد میں بیٹھے افراد پر لگایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایک کنیٹیر سیاست کامیاب نہیں ہوئی اب وہ کنیٹینر 2 کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، ہم پی آئی اے کو بہتری کی طرف لے جارہے ہیں لیکن عمران خان جیسے عناصر پاکستان اور عوام کی خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، جن اداروں کی نجکاری کا اعلان انہوں نے خود کیا تھا آج اس نجکاری کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں، کیا انہیں اپنا منشور بھی یاد نہیں رہا۔

وزیراطلاعا ت کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ سےاوگرا کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافےکا کہا جاتا رہا لیکن ہم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی اور اب پاکستان میں تیل کی قیمتیں جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہیں کیونکہ حکومت عوام کو پیٹرول کی کم قیمتوں کا فائدہ دے رہے ہیں جب کہ بھارت میں صرف 3 پیسےڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی اور اس کے مقابلے میں پاکستان میں اس ماہ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے کمی کی گئی، بھارت میں اس وقت پٹرول 97 روپےفی لیٹر ہے، بھارت کےمقابل ےمیں پاکستان میں پٹرول کی قیمت 27روپے کم ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی طورپرحالات بہترہورہے ہیں اور اس وقت ملک میں بے روزگاری تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔