پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج فلائٹ آپریشن زیروہوگیا

ملازمین کے احتجاج کا زور توڑنے کے لئے پی آئی اے انتظامیہ نے کاؤنٹر کی ذمہ داری نجی ایئرلائنز کو سونپ دی


ویب ڈیسک February 03, 2016
ملازمین کے احتجاج کا زور توڑنے کے لئے پی آئی اے انتظامیہ نے کاؤنٹر کی ذمہ داری نجی ایئرلائنز کو سونپ دی . فوٹو:فائل

قومی ائیرلائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال دسویں روز میں داخل ہوگئی جب کہ پائلٹ ایسوسی ایشن کی احتجاج میں شمولیت کے بعد فلائٹ آپریشن معطل اور متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔





ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے بعد پائلٹ ایسوسی ایشن بھی احتجاج کا حصہ بن گئی جس کے باعث اندرون اور بیرونی ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ ملازمین کے احتجاج کے باعث تمام ایئرپورٹس کے کارگو، گراؤنڈ سپورٹ، فلائٹ بریفنگ اور انجینئرنگ سمیت تمام شعبوں میں کام بند ہے۔ ملازمین کے احتجاج کا زور توڑنے کے لئے پی آئی اے انتظامیہ نے کاؤنٹر کی ذمہ داری نجی ایئرلائنز کو سونپ دی جب کہ سول ایوی ایشن حکام نے ایئربلیو اور شاہین ایئرلائن کو خصوصی پروازیں اڑانے کی ہدایت کردی۔ دوسری جانب پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث نجی ایئرلائن نے کرایوں میں 200 فیصد تک اضافہ کردیا اور ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت ہونا شروع ہوگئے، نجی ایئرلائنز نے احتجاج کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی سے اسلام آباد جانے کا ون وے ٹکٹ 20 سے 25 ہزار روپے کردیا۔ ایئربلیو نے کراچی سے اسلام آباد اوراسلام آبادسے کراچی کی ٹکٹوں کی بکنگ بھی بند کردی۔



بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر آج 35 پروازیں منسوخ کردی گئیں جس میں 14 بیرونی پروازیں بھی شامل ہیں۔ اسلام آباد سےکراچی آنے والی پرواز پی کے 301، لاہورجانےوالی پروازپی کے 785، اسلام آباد سے بیجنگ جانے والی پرواز 555، دبئی اور جدہ جانے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔



کراچی سے اسلام آباد جانے والی 8 پروازیں منسوخ کردی گئیں، کراچی سےملتان جانےوالی پرواز پی کے 330، اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 منسوخ کردی گئی جب کہ گزشتہ روز کراچی سے پی آئی اے کی16 سےزائد پروازیں منسوخ ہوئیں جنہیں ری شیڈول نہ کیا جاسکا۔



لاہور سےدہلی جانے والی پروازپی کے 270 ، جدہ جانے والی پرواز پی کے 7309، مانچسٹرجانے والی پرواز پی کے 709، دبئی جانے والی پرواز203، اوسلوجانےوالی پرواز751، رحیم یارخان جانیوالی پروازپی کے651، اسلام آبادجانےوالی پرواز پی کے 650 اور کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز303 منسوخ کردی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملازمین کے احتجاج کے باعث کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واٹر کینن اور بکتر بند گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں جب کہ اے ایس ایف، پولیس اور رینجرز اہلکار الرٹ ہیں۔



پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ سے قومی ائیرلائن کی دبئی،دوہااورکراچی جانےوالی پروازیں روانہ نہ ہوسکیں جب کہ اسلام آباد،کراچی اورکوالالمپورسےآنے والی پروازیں بھی وہیں منسوخ کی گئیں۔





دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب میں عمرے کے لیے جانے والے 2 ہزار افراد کو لانے کے لیے 4 بوئنگ جمبو طیاروں کا انتظام کرلیا گیا ہے جس سے ان افراد کو 4 بوئنگ 747 جہازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا جب کہ اس ضمن میں سعودی ایئرلائن کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بوئنگ طیارے 5 فروری کو عمرہ معتمرین کو لے کر اسلام آباد اور کراچی پہنچیں گے۔



ترجمان کے مطابق سعودی ایئرلائن کے ذریعے عمرہ معتمرین جدہ بھی جاسکیں گے جب کہ جدہ میں پھنسے افراد کے لیے بھی انتظامات کرلیے گئے ہیں جس کے تحت کنفرم ٹکٹوں والے مسافروں کو جدہ اور پاکستان کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اتحاد اور ترکش ایئرلائنز کے ساتھ بھی معاہدے حتمی مراحل میں ہیں جس کےتحت امریکا، کینیڈا اور یورپ سے مسافروں کو واپس لایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔