قوم کی تعمیر کوئی کھیل تماشہ نہیں ملک میں حقیقی انقلاب لائیں گے وزیراعظم

2018 تک بجلی کی کمی پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک February 03, 2016
2018 تک بجلی کی کمی پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم نواز شریف، فوٹو؛ پی آئی ڈی

KARACHI: وزیراعظم نواز شریف نے كہا ہے كہ قوم كی تعمیر كوئی كھیل تماشہ نہیں ہے ہم ملك میں حقیقی انقلاب لائیں گے۔





وزیراعظم نواز شریف نے 193 كلو میٹر طویل تربت، گوادر اور ہوشاب شاہراہ ایم 8 كا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچكزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناءاﷲ زہری، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، قومی سلامتی كے مشیر ناصر خان جنجوعہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاكٹر عبدالمالك بلوچ، سینیٹر میر حاصل خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نےبھی شرکت کی۔



افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا كہ بلوچستان میں ترقیاتی كام زور و شور سے جاری ہے، موجودہ دور میں بلوچستان كو اتنی اہمیت دی جارہی ہے جتنی پاكستان كے دوسرے حصوں كو دی جاتی ہے، شاہراؤں كی تعمیر سے لوگ ایك دوسرے كے قریب آئیں گے، بلوچستان كو ملك كے دوسرے حصوں كے برابر لے كر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربت، گوادر، ہوشاب كی مشكل ترین شاہراہ كی كامیابی سے تیاری پر ایف ڈبلیو او داد كی مستحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معدنیات كے خزانے بھرے پڑے ہیں لیكن سابقہ حكومتوں نے ان وسائل كو اپنے ذاتی مفادات كے لیے استعمال كیا جس كی وجہ سے یہاں ترقی نہیں ہو سكی لیكن اب ملك میں خراب سیكیورٹی صورت حال كے باوجود ترقی كا سفر جاری ہے۔



وزیراعظم كا كہنا تھا كہ قوم كی تعمیر كوئی كھیل تماشا نہیں ہے ہم ملك میں حقیقی انقلاب لائیں گے لیكن اس كے لیے غور و فكر اور صبرو تحمل كی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں جدید ترین ہوائی اڈہ تعمیر كررہے ہیں جب كہ گوادر بندر گاہ كی تعمیر سے نہ صرف پاكستان بلكہ دیگر ممالك كو بھی بے بہا فائدہ پہنچے گا، دنیا كا مستقبل 3 ارب كی آبادی والے خطے سے وابستہ ہے جب كہ گوادر بندر گاہ وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے بہت اہم ہے، ازبكستان، تركمانستان اور كرغستان سمیت بہت سے ممالك اپنے سازوسامان كو گوادر كے ذریعے دیگر ممالك میں ایكسپورٹ كرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملك میں سڑكوں كا جال بنایا جا رہا ہے جب كہ ملك سے بجلی كی كمی كو دور كرنے كے لیے بھی كام تیزی سے جاری ہے اور 2018 تك بجلی كی كمی پر قابو پا لیں گے، ہمارا مقصد صرف بجلی كی پیدا وار نہیں بلكہ سستی بجلی پیدا كرنا ہے، بجلی كی كمی كو پورا كرنے كیلئے متعدد ڈیمز پر تعمیراتی كام جاری ہے، پن بجلی كے ساتھ تھر میں كوئلے سے بھی وافر مقدار میں بجلی پیدا كی جائے گی۔



وزیراعظم نواز شریف نے كہا ہے كہ گوادر، تربت، ہوشاب شاہراہ (M:8) كی تعمیر سے ایك خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے، شاہراؤں كے منصوبوں سے نہ صرف پاكستان بلكہ پورے خطے كو فائدہ ہوگا، دنیا كا مستقبل تقریباً تین ارب كی آبادی كے حامل اس خطے سے منسلك ہے، پاكستان اس حوالے سے جتنی زیادہ سرمایہ كاری كرے گا اتنے زیادہ ثمرات حاصل ہوں گے، وسطی ایشیائی ریاستیں گوادر كے ذریعے تجارت كی خواہش مند ہیں، ٹھوس كام كرنے كے لیے نعرے نہیں بلكہ وژن اور حكمت عملی كی ضرورت ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے اس اہم شاہراہ كی تعمیر كو قوم بالخصوص بلوچستان كے عوام كے لیے ایك عظیم تحفہ قرار دیتے ہوئے كہا كہ یہ شاہراہ گوادر سے كے پی كے تك اور پاكستان كے مختلف حصوں سے منسلك ہوگی، یہ نہ صرف پاكستان بلكہ وسطی ایشیائی ریاستوں كو بھی ملائے گی اور پاكستان میں سرمایہ كاری لانے كا ذریعہ بنے گی۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملك كے ایك حصے سے دوسرے حصے تك محیط انتہائی اہمیت كے حامل اس منصوبے سے لوگوں كو سفر كے دورانیہ میں كمی كی سہولت حاصل ہوگی، كسی زمانے میں یہ ایك خواب تھا جو آج اﷲ كے فضل و كرم سے تعبیر كی شكل اختیار كر رہا ہے۔ انہوں نے كہا كہ یہ كسی وقت پر صرف كاغذوں میں تھا اس پر صرف بات ہوتی تھی، كسی نے اس پر عمل كرنے كے بارے میں قدم نہیں اٹھایا لیكن اﷲ كے فضل و كرم سے یہ پہلی حكومت ہے جس نے ایف ڈبلیو او اور فوج كی مدد سے یہ منصوبہ مكمل كیا جو پاكستان كی خوشحالی كے لئے بہت بڑا قدم ہے۔





وزیراعظم نے اس ضمن میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف كو سراہتے ہوئے كہا كہ وہ اس ضمن میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد موٹر وے 1998ءمیں بنی تھی اور 2013ء تك اس كی مرمت پر كوئی توجہ نہیں دی گئی، آج ہماری حكومت نے اس پر دوبارہ توجہ دی اور یہ منصوبہ بھی ایف ڈبلیو او كر رہا ہے اور مجھے خوشی ہے كہ یہ ٹیكنالوجیز ایف ڈبلیو او فراہم كر رہا ہے جو پہلے ہم باہر سے كر رہے تھے، اس سڑك كو ایف ڈبلیو او كے علاوہ كوئی نہیں بنا سكتا تھا۔ وزیراعظم نے كہا كہ اس كے ساتھ ساتھ میں چیف آف آرمی اسٹاف كو بھی مباركباد دینا چاہتا ہوں كہ انہوں نے اس كام میں خصوصی دلچسپی لی اور اس كو مكمل كرانے میں ایك بھرپور كردار ادا كیا۔



وزیراعظم نے ہوشاب، تربت، گوادر شاہراہ كا باضابطہ افتتاح كیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف كے ہمراہ اس شاہراہ پر سفر بھی كیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔